اسلام آباد (سجاد ترین / خبر نگار خصوصی) سکیورٹی اداروں کی کراچی میں کارروائی کے بعد بہت بڑی تعداد میں ٹارگٹ کلرز جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں میں منتقل ہو چکے ہیں۔ خفیہ اداروں کی وزارت داخلہ کو ارسال کردہ رپورٹ کے مطابق کراچی میں قتل عام میں ملوث افراد کراچی سے فرار ہو کر جنوبی پنجاب کے مختلف شہروں ملتان‘ راجن پور‘ ڈیرہ غازی خان‘ ہارون آباد اور مظفرگڑھ میں چلے گئے ہیں‘ ان افراد میں دو ہفتے قبل جنوبی افریقہ سے کراچی آنے والے افراد بھی شامل ہیں۔ وزارت داخلہ کے ذرائع کے مطابق خفیہ اداروں کی رپورٹ کا جائزہ لیا جا رہا ہے اور پنجاب حکومت کو بھی آگاہ کر دیا گیا ہے۔ ان عناصر کے خلاف جنوبی پنجاب میں کارروائی کا فیصلہ پنجاب حکومت سے مشاورت کے بعد کیا جائے گا۔