ملتان (اے پی اے) تحریک انصاف کے صدر مخدوم جاوید ہاشمی نے کہا ہے آصف علی زرداری کیخلاف مقدمات کھولنا حکومت کا کام ہے، تاہم ایک جمہوری صدرکا مدت پوری کرنا جمہوریت کے لئے اچھا شگون ہے۔ ملتان میں بوسن روڈ فلائی اوور کی تعمیر کے خلاف تاجروں کے زیراہتمام مظاہرے میں شرکت کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے جاوید ہاشمی نے کہا صدرزرداری کا پانچ سالہ دور کرپشن کا دور تھا۔ انکے سیاسی اقدامات کی ہمیشہ مخالفت کی ہے۔ انہوں نے ملک کو مہنگائی کے سمندر میں پھینک دیا، ملک میں کرپشن، مہنگائی اور دہشت گردی زرداری کی پارٹی کی ذمہ داری ہیں۔ آل پارٹیز کانفرنس حکومت کی ذمہ داری ہے، انعقاد پہلے ہوجانا چاہئے تھا، کراچی جل رہا ہے، آپریشن کا وقتی فائدہ ہوگا، پائیدارامن کے لئے سیاسی حل ڈھونڈا جائے۔