اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ) حکومت نے دھرنوں سے نمٹنے کی حکمت عملی تیار کر لی۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیس نے آپریشن کی تیاری مکمل کر لی، حکومتی اشارے کا انتظار ہے۔ نجی ٹی وی کے مطابق پولیس کی تین سو ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ ہر ٹیم تین ممبران پر مشتمل ہو گی۔ آپریشن کے دوران آنسو گیس کی شیلنگ کم سے کم کی جائے گی اور اسلحے کی بجائے ربڑی کی گولیاں استعمال کی جائیں گی۔ پولیس کو ایلیٹ فورس کی مدد بھی حاصل ہو گی۔ بھاگنے والے شرکا کو قابو کرنے کیلئے تین اطراف پر دو ہزار پولیس اہلکار تعینات ہونگے۔ پولیس کا کہنا ہے کہ طاہرالقادری نے عورتوں اور بچوں کو انسانی ڈھال بنا رکھا ہے۔ پولیس عورتوں اور بچوں کو ہر صورت تحفظ فراہم کرے گی۔دھرنے والوں کے پاس غلیلیں، شیشے کی گولیاں اور پتھر ہیں۔