لاہور (آن لائن + نوائے وقت رپورٹ+ سپورٹس رپورٹر+ نمائندہ سپورٹس) آئی سی سی نے پاکستانی آف سپنر سعید اجمل پر پابندی لگا دی۔ ذرائع کے مطابق آئی سی سی نے سعید اجمل کے بائولنگ ایکشن کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے پابندی عائد کردی ہے، ذرائع کا کہنا ہے کہ سعید اجمل پابندی کے خلاف 14روز میں اپیل کرسکتے ہیں۔ سعید اجمل کے بائولنگ ایکشن کے ٹیسٹ کی رپورٹ کے بعد آئی سی سی کا کہنا ہے کہ بائولنگ ایکشن میں15 ڈگری تک اجازت ہوتی ہے لیکن سعید اجمل کے ایکشن کا زاویہ 15 ڈگری سے زیادہ ہے۔آئی سی سی کا مزید کہنا ہے کہ سعید اجمل بائولنگ ایکشن تبدیل کرکے پابندی کو چیلنج کرسکتے ہیں۔ انٹرنیشل کرکٹ کونسل کی جانب سے جاریکردہ بیان کے مطابق بائیو میکنیکل ٹیسٹ کے نتیجے میں غیر جانبدار ماہرین اس نتیجے پر پہنچے ہیں کہ ان کی جانب سے کرائی گئی تمام گیندیں مروجہ قوانین پر پورا نہیں اترتیں اسلئے پاکستانی آف سپنر پر نئے بائولنگ ایکشن کی تصدیق تک بین الاقوامی کرکٹ کے دروازے بند رہیں گے۔ سعید اجمل پر پابندی کا اطلاق فوری طور پر ہوگا تاہم وہ اس پابندی کے خلاف 14 روز میں اپیل کا حق رکھتے ہیں۔واضح رہے کہ سعید اجمل کا بائولنگ ایکشن سری لنکا کے خلاف گال ٹیسٹ کے دوران چیلنج ہوا تھا اس سے قبل 2009ء میں بھی ان کے بائولنگ ایکشن پر سوال اٹھائے گئے تھے تاہم انہیں اس وقت کلیئر کردیا گیا تھا۔ دوسری جانب پی سی بی سعید اجمل پر پابندی کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریگا۔ آئی سی سی کے فیصلے کے بعد پاکستان کرکٹ بورڈ کے عہدیداران کا ہنگامی اجلاس ہوا جس میں شہریار خان نجم سیٹھی سمیت تمام عہدیداران نے شرکت کی۔ میٹنگ میں فیصلہ کیا گیا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ 14 روز کے اندر اندر آئی سی سی کے سعیداجمل پر پابندی لگانے کے فیصلے کے خلاف اپیل دائر کریگا۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان نے اجلاس کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سعید اجمل پر پابندی پاکستان کیلئے بڑا دھچکا ہے۔ انہوں نے کہا کہ سعید اجمل پر پابندی لگنے کا خدشہ تھا۔ دریں اثناء پاکستان کرکٹ بورڈ نے قومی کرکٹر سعید اجمل پر لگنے والی پابندی کے خلاف اپیل کرنے کے مشاورت شروع کر دی ہے۔ قذافی سٹیڈیم میں میڈیا سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ عام خیال یہی تھا کہ ان کی مخصوص گیند ’’دوسرا‘‘ پر اعتراض کیا جائے گا لیکن اس بار ان کے پورے ایکشن پر اعتراض ہوا ہے۔ شہریارخان نے تسلیم کیا کہ سعید اجمل کے باؤلنگ ایکشن پر جو اعتراض سامنے آیا ہے وہ 15 ڈگری سے بہت زیادہ ہے اور اس ضمن میں آف سپنر کو ایکشن کی درستگی کے لئے کافی وقت درکا ر ہوگا۔ سعید اجمل پر پابندی کے حوالے سے ان کا کہنا تھا کہ آئی سی سی سے اپیل سے قبل ان پر باؤلنگ پر پابندی برقرار رہے گی اور اگر ہماری اپیل قبول ہو جاتی ہے تو فیصلہ آنے تک انھیں باؤلنگ کرنے کی اجازت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ یہ کہنا غلط ہوگا کہ سعید اجمل پر پابندی پاکستان کرکٹ کے خلاف کوئی سازش نہیں ہے۔ آئی سی سی کی جانب سے پوری دنیا کی کرکٹ میں یہ مسئلہ زیر غور ہے صرف پاکستان کو نشانہ نہیں بنایا گیا۔ باؤلنگ ایکشن کے بارے میںآئی سی سی سخت ایکشن لے رہی ہے۔ ایک سوال کے جواب میں انھوں نے کہا کہ سعید اجمل پر ایک سال کی پابندی لگائی گئی ہے اور میرے خیال میں اگر ان کا اپیل نہیں بھی منظور ہوتی تو وہ اس مدت میں اپنا ایکشن ٹھیک کر لیں گے۔ دوسری طرف آف سپنر سعید اجمل پرعزم ہیں کہ وہ انٹرنیشنل کرکٹ میں جلد واپس آ جائیں گے۔ انہوں نے فیصل آباد میں صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ ان کے بولنگ ایکشن پر جو اعتراض سامنے آیا ہے وہ ان کے لئے مسئلہ نہیں ہے۔ وہ اس فیصلے کیخلاف اپیل کریں گے اور انہیں یقین ہے کہ وہ عالمی کپ میں ٹیم کا حصہ ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ ان کا بازو نارمل سے زیادہ مڑا ہوا ہے اسی لئے بولنگ کرتے ہوئے وہ 15 ڈگری سے زیادہ معلوم ہوتا ہے۔