واشنگٹن (اے پی پی) طبی ماہرین نے کہا ہے کہ نصف کے قریب امریکی بالغوں کو شوگر کا مرض لاحق ہے تاہم عشروں تک کئے جانے والے حفاظتی اقدامات کے باعث اس کا پھیلاﺅ رک گیا ہے۔ جرنل آف میڈیکل ایسوسی ایشن میں شائع ہونے والی ایک تحقیقاتی رپورٹ میں کہا گیاہے کہ 2011 ءسے 2012 ءکے درمیان40 فیصد کے قریب امریکی بالغوں کو ابتدائی مرحلے کی شوگر لاحق تھی۔جبکہ 12سے 14 فیصد امریکی مکمل طور اس مرض میں مبتلا تھے۔ رپورٹ میں بتایا گیا کہ مکمل طور پر شوگر کے مریضوں میں سے 36.4 فیصد ایسے تھے جنہوں نے مرض کی تشخیص ہی نہیں کرائی تھی جبکہ ایشیائی امریکیوں اور لاطینی امریکیوں میں اس کی شرح کہیں زیادہ تھی۔ لاطینی امریکیوں میں شوگر کے مرض کی شرح 22.6 فیصد سے زیادہ، افریقی امریکیوں میں21.8 فیصد، ایشیائی امریکیوں میں 20.6 فیصد جبکہ گوروں میں اس کی شرح 11.3 فیصد تھی۔