کرپشن کے الزامات، گوئٹے مالا کے سابق صدر اوٹو پیریز پر فرد جرم عائد

Sep 10, 2015

گوئٹے مالا سٹی (اے پی پی) گوئٹے مالا کی ایک عدالت نے سابق صدر اوٹو پیریز پر کرپشن کے الزامات پر فرد جرم عائد کردی۔ عدالت کے جج میگویل اینجل گالویز نے کنزرویٹو پارٹی کے رہنما اور چند روز قبل اپنے عہدے سے مستعفی ہونے والے صدر پر کسٹم میں فراڈ اور رشوت کے الزامات کے تحت فرد جرم عائد کرتے ہوئے انھیں ریمانڈ پر متعلقہ حکام کے حوالے کردیا۔جج نے 64 سالہ ریٹائرڈ جنرل و مستعفی صدر سے مزید تحقیقات کیلئے استغاثہ کو تین ماہ کا وقت دیا جس کے بعد ان پر باقاعدہ مقدمہ چلایا جائے گا۔ اوٹو پیریز کو جس وقت احاطہ عدالت سے پولیس نے حراست میں لیا تو انھوں نے صحافیوں کے سوال کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ معلوم نہیں کہ ان پر کس وجہ سے الزامات عائد کئے جارہے ہیں، ان کے پاس کوئی ثبوت نہیں اور یقینی طور پر میں کبھی کسی مجرمانہ نیٹ ورک کا حصہ نہیں رہا۔اوٹو پیریز کی عدالت میں پیشی کیلئے اگلی تاریخ21 دسمبر مقرر کی گئی ہے۔ یاد رہے کہ استغاثہ اور اقوام متحدہ کے ایک کمشن نے بدعنوانی کے ایک بہت بڑے مقدمے کی تحقیقات کے دوران سابق صدر کو کاروباری رشوت کی منصوبہ بندی کا ملزم ٹھہرایا جس کے ذریعے انھوں نے کسٹم حکام کے ذریعے اپنی درآمد شدہ اشیاءکو کم کسٹم ریٹ پر کلیئر کرایا۔استغاثہ کے مطابق ان کے پاس الزامات کے حوالے سے 89 ہزار فون کالوں کا ریکارڈ ہے۔
گوئٹے مالا/ صدر

مزیدخبریں