لاہور (وقائع نگار خصوصی) پنجاب سروس ٹربیونل کے فل بنچ نے آئی جی پنجاب کے سٹینڈنگ آرڈر نمبر آٹھ 2001ءکو کالعدم قرار دے دیا۔ ٹربیونل نے سٹینڈنگ آرڈر کے تحت پولیس کانسٹیبلوں کی تمام بھرتیوں کو غیرقانونی قرار دے دیا۔ سروس ٹربیونل کے ججز جواد الحسن، اشتر عباس اور مقصود احمد لک پر مشتمل تین رکنی فل بنچ نے تفصیلی فیصلہ سنایا۔ تفصیلی فیصلہ سولہ صفحات پر مشتمل ہے۔ فیصلے میں کہا گیا ہے کہ آئی جی پنجاب نے آئین اور پولیس آرڈر 2002ءکے برعکس سٹینڈنگ آرڈر نمبر آٹھ جاری کیا اور پولیس میں کانسٹیبلوں کی بھرتیاں کیں اور ترقیاں دیں۔ آئی جی پنجاب کو حکومت کی منظوری کے بغیر سٹینڈنگ آرڈر جاری کرنے اور اس پر عمل کرنے کا کوئی آئینی اور قانونی اختیار حاصل نہیں۔ آئی جی پنجاب نے حکومتی منظوری کے بغیر سٹینڈنگ آرڈر نمبر آٹھ جاری کیا اور کانسٹیبلوں کی بھرتیاں کر کے اپنے اختیارات سے تجاوز کیا۔ 110 سے زائد پولیس کانسٹیبلوں نے پولیس کانسٹیبلوں کی ترقیوں میں ہونے والی بے ضابطگیوں کے خلاف پنجاب سروس ٹربیونل سے رجوع کر رکھا تھا۔
بھرتیاں غیرقانونی
سروس ٹربیونل نے آئی جی پنجاب کے سٹینڈنگ آرڈر کے تحت کانسٹیبلوں کی بھرتیاں غیر قانونی قرار دیدیں
Sep 10, 2015