راہداری منصوبہ بھارت سمیت بعض ممالک کو ایک آنکھ نہیں بھاتا: شہباز شریف، پنجاب میں سی پیک پر مثالی سپیڈ سے کام ہو رہا ہے: چینی قونصل جنرل

Sep 10, 2016

لاہور (خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہباز شریف نے کہا ہے کہ پنجاب حکومت پاکستان کے روشن مستقبل پر سود مند سرمایہ کاری کر رہی ہے، پی ایچ ڈی کیلئے بیرون ملک پچاس بہترین یونیورسٹیوں میں جانے والے طلباء و طالبات اور چینی زبان سیکھنے چین جانے والے 130 طلباء و طالبات کا انتخاب خالصتاً میرٹ اور اہلیت کی بنیاد پر کیا گیا ہے۔ انشاء اللہ جب یہ بچے اور بچیاں تعلیم حاصل کرنے کے بعد واپس آئیں گے تو پاکستان کی ترقی اور خوشحالی میں اپنا بھرپور کردار ادا کریں گے۔ شہباز شریف نے ان خیالات کا اظہار چیف منسٹرز چائینیز لینگویج سکالرشپ پروگرام، شہباز شریف میرٹ سکالرشپ پروگرام اور نویں جماعت کے امتحان میں 505 میں سے 500 نمبر حاصل کرنے والے 18 طلباء و طالبات کے اعزاز میں تقریب میں کیا۔ وزیراعلیٰ نے طلباء وطالبات کو لیپ ٹاپ بھی دیئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کے یہ ہونہار بچے اور بچیاں سی پیک کو آگے بڑھانے میں ممد و معاون ثابت ہوں گے۔ سی پیک آج یا کل کیلئے نہیں یہ قیامت تک چلے گا اور اس میں ارب ہا ڈالر مزید آئیں گے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک بھی چین کے صدر شی جن پنگ کے’’ ون بیلٹ ون روڈ‘‘ کا حصہ ہے لیکن جس قدر اس شاندار ویژن کی حمایت ہو رہی ہے اس کی مخالفت بھی اتنی شدید ہو چکی ہے اور ہمسایہ ملک میں اس کے خلاف لابی کی جا رہی ہے اور یہی وجہ ہے کہ ہماری بندرگاہ کے سامنے ایک اور بندرگاہ بنائی جارہی ہے اور اس ضمن میں مختلف ملکوں کا گٹھ جوڑ سامنے آرہا ہے کیونکہ سی پیک بھارت سمیت بعض ممالک کو ایک آنکھ نہیں بھاتا اور یہ عظیم الشان منصوبہ ان کے پیٹ میں درد کر رہا ہے۔ خاص طور پر بھارت کے وزیراعظم مودی نے بلوچستان کے خلاف زبان درازی کی ہے۔ وزیراعلیٰ نے کہا کہ سی پیک سے پاکستان کی معیشت کو جو تقویت اور طاقت ملے گی، مجھے یقین ہے اس سے پاکستان بھارت سے آگے نکل جائے گا اور اپنا لوہا منوائے گا۔ اورنج لائن میٹروٹرین کے منصوبے کا ذکر کرتے ہوئے وزیراعلیٰ نے کہا کہ یہ شفاف ترین عوامی منصوبہ ہے اور چین کی قیادت اور حکومت کو بھی اس منصوبے کی شفافیت پر پورا اعتماد ہے۔ چین کے قونصل جنرل یوبورن نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہباز شریف جو کہتے ہیں وہ کر دکھاتے ہیں اور چین کی قیادت اور عوام میں بھی شہباز شریف پاکستان کے عوام کی طرح بہت مقبول اور ہردلعزیز ہیں- شہباز شریف مین آف ایکشن ہیں اور ان کا تعلیم کے شعبے کی بہتری کیلئے ویژن قابل ستائش ہے- انہوں نے کہا کہ سی پیک کے تحت پنجاب میں ایک مثالی سپیڈ کے ساتھ منصوبوں پرکام ہو رہا ہے۔ شہباز شریف کے کام کرنے کی رفتار غیرمعمولی ہے۔ وزیراعظم محمد نواز شریف اور وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف کا نام پاک چین دوستی کو عروج پر پہنچانے کے حوالے سے ہمیشہ یاد رکھا جائے گا۔ علاوہ ازیں اجلاس سے خطاب میں شہباز شریف نے کہا ہے کہ ہسپتالوں میں معیاری طبی سہولتوں کی فراہمی کیلئے جدید ڈیجیٹل ٹیکنالوجی سے استفادہ کرنا وقت کا تقاضا ہے اور یہی وجہ ہے کہ پنجاب حکومت شعبہ صحت کی بہتری اور اسے عوام کی توقعات کے مطابق بنانے کیلئے انفارمیشن ٹیکنالوجی کے ذریعے انقلابی اصلاحات متعارف کرا رہی ہے۔ اجلاس میں ڈسٹرکٹ و تحصیل ہیڈکوارٹرز ہسپتالوں میں مریضوں کو علاج معالجے کی معیاری سہولتوں کی فراہمی کیلئے ہسپتال انفارمیشن مینجمنٹ سسٹم کے پروگرام پر پیش رفت کا جائزہ لیا گیا۔ شہباز شریف کی زیرصدارت ایک اور اجلاس میں قائداعظم ایپرل پارک کے منصوبے کے مختلف امور کا جائزہ لیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے اجلاس کے دوران اس اہم منصوبے کے امور میں غفلت پر سخت برہمی کا اظہار کرتے ہوئے متعلقہ حکام کی سرزنش کی اور کہا کہ واضح ہدایات کے باوجود اس اہم منصوبے کے امور کو آگے بڑھانے کے حوالے سے غیرپیشہ ورانہ انداز سے کام کیا گیا ہے اور میں سرکاری امور کی ادائیگی میں اس طرح کی لاپرواہی قطعاً برداشت نہیں کروں گا۔

مزیدخبریں