عید: لاہور پردیسیوں سے خالی ہونا شروع‘ سرکاری ملازمین کی خاصی تعداد گھروں کو چلی گئی

Sep 10, 2016

لاہور (اپنے نامہ نگار سے) عید قریب آتے ہی لاہور میں رہنے والے پردیسیوں نے گھروں کو جانا شروع کر دیا۔ گزشتہ روز سرکاری ملازمین کی خاصی تعداد ہفتہ کے روز کی چھٹی لیکر گھروں کو چلی گئی۔ ریلوے سٹیشن، لاری اڈا‘ بند روڈ‘ ٹھوکر نیاز بیگ‘ ٹرمینل اور میٹرو بس سٹیشنز پر مسافروں کا رش لگا رہا۔ رش کا فائدہ اٹھاتے ہوئے جیب کتروں نے متعدد مسافروں کی جیبوں پر ہاتھ صاف کر لئے جس سے انہیں اپنی منزل تک پہنچنے میں شدید دشواری اٹھانا پڑی۔ اکثر جگہوں پر مسافروں اور کنڈکٹروں میں کرایہ زیادہ لینے اور سیٹ نہ ملنے کے حوالے سے جھگڑا بھی ہوا۔ رش کا ریکارڈ حسب سابق لاہور شکر گڑھ ، نارروال روٹ نے قائم کیا۔ اکثر مسافروں نے بسوں کی چھتوں اور دروازوں میں خطرناک طریقے سے لٹک کر سفر کیا۔ پردیسیوں نے ٹرانسپورٹ نہ ملنے، بسوں میں جگہ نہ ملنے اور زائد کرایوں کی وصولی کیخلاف شدید احتجاج کیا۔ رش کی وجہ سے رکشہ والوں نے خوب عید کمائی، منہ مانگے کرائے وصول کئے۔ میٹرو بس میںگذشتہ روز ایک لاکھ 65 ہزار کے قریب مسافروں نے سفر کیا جبکہ ہفتے کے روز سرکاری چھٹی والے ملازمین گھروں کو لوٹ گئے جنکی چھٹی نہیں ہوتی انہوں نے لے لی جبکہ اتوار کے روز چھٹی والے سرکاری ملازمین آج اپنے پیاروں کے ساتھ عید منانے کے لئے گھروں کو روانہ ہونگے۔

مزیدخبریں