لک بھر میں سکیورٹی فورسز کا کومبنگ آپریشن جاری ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق راجن پور آپریشن میں 4 دہشت گرد ہلاک اور ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق 40 شدت پسندوں کو گرفتار کر کے بھاری اسلحہ برآمد کرلیا۔ 12 شدت پسند زخمی ہیں۔ چھوٹو گینگ کی باقیات اور دیگر دہشت گرد گروہوں کیخلاف عید کے بعد باقاعدہ آپریشن کا آغاز کیا جائیگا۔ راجن پور کے علاقوں گیانداری میں آپریشن کیا گیا ہیلی کاپٹروں سے دہشت گردوں کے ٹھکانوں کو نشانہ بنایا گیا۔ دہشت گردوں کی طرف سے بھی سکیورٹی فورسز پر بھاری اور جدید خودکار ہتھیاروں سے فائرنگ کی گئی۔ کارروائی کے دوران ایک سکیورٹی اہلکار شہید ہو گیا۔ ذرائع کے مطابق گرفتار ملزموں کو نامعلوم مقام پر منتقل کر کے ان سے تفتیش کی جا رہی ہے۔ دہشت گردوں کیخلاف آپریشن خفیہ اداروں کی جانب سے دہشت گردوں کے سہولت کاروں سے متعلق رپورٹس پر کیا جا رہا ہے۔ راجن پور کے علاوہ مظفر گڑھ اور جنوبی پنجاب میں بھی دہشت گردوں کے ٹھکانوں پر بھی کارروائی کی جائیگی۔ دوسری جانب بلوچستان کے ضلع چاغی سے کالعدم دہشت گرد تنظیموں سے تعلق کے شبے میں سات افراد کو گرفتار کرلیا گیا۔ برطانوی نشریاتی ادارے کے مطابق یہ کارروائی چاغی میں پاک افغان سرحدی علاقے میں کی گئی۔ یہ لوگ علاقے میں موجود ایک کمپاونڈ میں تھے حساس اداروں اور سکیورٹی فورسز کے اہلکاروں نے مشترکہ کاروائی کی۔ اس دوران فائرنگ کا تبادلہ ہوا بعدازاں ان افراد نے ہتھیار ڈال دیئے۔ انکا تعلق کالعدم دہشت گرد تنظیم سے ہے اور ان سے لٹریچر اور دیگر تخریبی مواد بھی برآمد کیا گیا۔ ادھر پشاور میں پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے ایک گاڑی کے خفیہ خانوں سے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرکے 3 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ بھانہ ماڑی میں ناکے پر تعینات اہلکاروں نے گاڑی کو چیکنگ کے لئے روکا اور دوران تلاشی گاڑی کے خفیہ خانوں سے 25 پستول ، 8 رائفلز اور 200 سے زائد کارتوس برآمد ہوئے۔ پولیس نے گاڑی میں موجود ڈرائیورسمیت 3 ملزموں کو گرفتار کرلیا۔ علاوہ ازیں روجھان کے کچے کے علاقے میں پولیس نے کارروائی کرکے بڑی تعداد میں اسلحہ برآمد کرلیاگیا۔کارروائی گرفتار چھوٹو گینگ کے افراد کی نشاندہی پرکی گئی۔ پولیس کے مطابق کارروائی کے دوران اینٹی ائرکرافٹ گن، رائفل، دستی بم، ایل ایم جی رائفل اورگولیاں برآمد کرلی گئیں ۔ ذرائع کا کہناہے کہ کارروائی قانون نافذ کرنےوالے اہلکار کی گرفت میں موجود ڈاکو غلام رسول عرف چھوٹو اور اسکے ساتھیوں کی نشاندہی پر کی گئی۔اے این این کے مطابق فورسز نے ہیلی کاپٹرز کے ذریعے گذشتہ روز دہشت گردوں کی ریکی کی اور ہفتہ کی صبح 10 بجے چھ ہیلی کاپٹر وں کی مدد سے ان کے ٹھکانوں پر شیلنگ کی گئی۔ رپورٹ کے مطابق دہشت گرد آسٹریلین کمپنی کی جانب سے اس علاقے میں لگائے جانے والے ایک ہزار میگاواٹ کے ونڈ پاور پلانٹ پر حملہ کرنا چاہتے تھے جبکہ ان کا ایک مقصد پاک چین اقتصادی راہداری منصوبے (سی پیک)کو بھی متاثر کرنا تھا۔ واضح رہے کہ پنجاب کے حساس اضلاع میں رینجرز کے ذریعے دہشتگردوں کے خلاف آپریشن کا فیصلہ ہو چکا ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ آپریشن کے دوران دہشتگردوں کی جانب سے بھی فائرنگ اور شیلنگ کی جا رہی ہے جب کہ دہشت گردوں کی جانب سے بھاری اسلحہ ا ور گولہ بارود کا بھی استعمال کیا جا رہا ہے۔