اسلام آباد (جاوید صدیق) پاکستان کی تاریخ میں شاہد خاقان عباسی پہلے وزیراعظم ہیں جن کے پاس چھوٹے تجارتی طیارے اڑانے کا لائسنس ہے۔ نوائے وقت کو قابل اعتماد ذرائع نے بتایا وزیراعظم نہ صرف کمرشل پائلٹ ہیں بلکہ وہ طیاروں کی مرمت کا کام بھی جانتے ہیں۔ انہوں نے امریکہ سے الیکٹرانک انجینئرنگ میں ڈگری حاصل کی تھی۔ گزشتہ روز انہوں نے سرگودھا کے مصحف ائیر بیس پر ایف 16 لڑاکا طیارہ میں فلائنگ مشن مکمل کرکے پاکستان میں ایک نئی تاریخ رقم کی۔ شاہد خاقان عباسی کے والد سابق وزیر پیداوار خاقان عباسی مرحوم نے پاک فضائیہ کو بطور پائلٹ جائن کیا تھا اور ائیر کموڈور کے عہدے سے ریٹائرڈ ہوئے تھے ۔ مرحوم ڈپٹی چیف آف ائیر سٹاف اور پی آئی اے کے منیجنگ ڈائریکٹر بھی رہے انکے بیٹے شاہد خاقان عباسی 1988 ءمیں والدکی اوجڑی کیمپ دھماکے میں شہادت کے بعد سیاست میںآئے۔ 1988ءمیں شاہدخاقان عباسی نے ایک لائٹ ائیر کرافٹ تیار کیا تھا ۔ جو بعد میں انہوں نے تربیتی مقاصد کے لئے راولپنڈی کے فلائنگ کلب کو دے دیا تھا ۔ ہوا بازی میں انکی دلچسپی کے پیش نظر سابق وزیراعظم نوازشریف نے 1997ءمیں انہیں پی آئی اے کا چیئرمین مقرر کیا تھا۔ سابق وزیراعظم نوازشریف پر طیارہ سازش کیس میں شاہد خاقان عباسی شریک ملزم تھے اور نوازشریف کے ساتھ جیل میں بھی رہے۔ شاہد خاقان عباسی نے نئی ائیر لائن ائیر بلیو کی بنیاد رکھی۔
شاہدخاقان عباسی
شاہد خاقان عباسی نے 1988ءمیں خود ایک لائٹ ائیر کرافٹ تیار کیا تھا
Sep 10, 2017