”پاکستانی پھل بہت لذیذ ہیں“ جرمن سفیر نے لاہور میں بازار سے کیلے خریدے واہگہ بارڈر کا دورہ، استقبال کےلئے رینجرز کا شکریہ ادا کیا

Sep 10, 2017

لاہور (نوائے وقت رپورٹ) جرمنی کے پاکستان میں ایک ماہ قبل تعینات ہونے والے سفیر 64 سالہ مارٹن کوبلر مختصر عرصہ میں متعدد سرکاری تقاریب کے ساتھ ساتھ کئی عوامی مقامات پر عام لوگوں کی طرح ہی گئے۔ یومِ دفاع پر بھارت کے ساتھ سرحد واہگہ پر پرچم کشائی کی تقریب میں نہ صرف شریک ہوئے بلکہ وہاں موجود رینجرز کے اہلکاروں کے ساتھ تصاویر بھی بنوائی۔ جرمنی کے سفیر نے ٹوئٹر اکاونٹ پر خصوصی شکریہ ادا کرتے ہوئے لکھا کہ ’پاکستانی رینجرز کے استقبال کا ممنون ہوں۔ انہوں نے لاہور میں بازار سے سبزی اور پھلوں کی قیمتیں معلوم کیں۔ بازار کے دورے کے بعد انہوں نے کیلوں کی خریداری کی اور سوشل میڈیا پر پاکستانی پھلوں کی تعریف کرنا نہ بھولے کہ پاکستانی پھل بہت لذیذ ہیں۔ یاد رہے کہ انہوں نے پاکستان میں ریل گاڑی کے سفر سے بھی لطف ا±ٹھایا، جس کے بارے میں وہ کہتے ہیں کہ وہ پاکستان کو جاننا چاہتے ہیں اس لیے جب وہ گوجرانولہ جا رہے تھے تو انہوں نے ریل گاڑی میں سفر کو ترجیح دی جبکہ اس دوران انہیں اردو سیکھنے کے لیے بھی کچھ وقت میسر آسکا۔ عید الضحیٰ پر جرمن سفیر نے اپنی حفاظت پر مامور ایف سی کے اہلکاروں کو بھیڑ کا تحفہ بھی دیا تھا۔
جرمن سفیر

مزیدخبریں