اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) وزیراعظم شاہد خاقان عباسی نے مصحف ائربیس سرگودھا کا دورہ کیا۔ وزیراعظم کو پی اے ایف کی آپریشنل تیاریوں کے بارے میں بتایا گیا۔ انہیں پی اے ایف کے ریلیف آپریشن اور تعلیم و صحت کے شعبوں میں سرگرمیوں کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم نے ملک کی فضائی حدود کی حفاظت اور دہشت گردی کے عفریت کے خلاف جنگ میں فضائیہ کے کردار کی تعریف کی۔ ائربیس پہنچنے پر فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان نے وزیراعظم کا خیرمقدم کیا۔ وزیراعظم نے ائربیس پر قائم کئے جانے والے نئے ’’سنٹر آف ایکسی لینس‘‘ کا بھی دورہ کیا۔ وزیراعظم کو جاری مشن کے بارے میں بھی بریفنگ دی گئی۔ وزیراعظم کو بتایا گیا کہ اکتوبر میں کثیر القومی مشق منعقد ہو گی جس میں 19 ممالک کی فضائیہ شرکت کریں گی۔ وزیراعظم نے ’’ایوی ایشن سٹی پراجیکٹ‘‘ میں گہری دلچسپی ظاہر کی۔ وزیراعظم نے ایف 16 لڑاکا طیارے میں فضائی مشق میں بھی حصہ لیا۔ فضائیہ کے سربراہ ائرچیف مارشل سہیل امان بھی ایک دوسرے ایف 16 طیارے میں موجود تھے اور مشق میں حصہ لے رہے تھے۔ پاکستان کی تاریخ میں یہ پہلا موقع ہے کہ وزیراعظم نے ایک فضائی مشن میں حصہ لیا۔ وزیراعظم ’’کاک پٹ‘‘ کے پچھلے حصہ میں موجود تھے۔ وزیراعظم نے واپسی کے بعد لڑاکا اور گراؤنڈ عملہ سے بات چیت کی۔ وزیراعظم نے اس بات پر گہرا اطمینان ظاہر کیا پی اے ایف نے دنیا کی جدید فضائی افواج میں اہم مقام حاصل کیا ہے۔ انہوں نے فضائی حدود کی نگرانی کیلئے ائرفورس کے جذبہ کے معیار کی بھی تعریف کی۔
مصحف ائربیس کا دورہ: تاریخ میں پہلی مرتبہ وزیراعظم نے ایف 16 طیارے میں بیٹھ کر فضائی مشق میں حصہ لیا
Sep 10, 2017