کراچی ساحل پر پکنک منانے والے ایک ہی خاندان کے 12افراد ڈوب گئے‘ بلاول زرداری‘ مراد شاہ‘ شہبازشریف کا اظہار افسوس

کراچی(خصوصی رپورٹر) کراچی میں ہاکس بے کے ساحل پر ایک ہی خاندان کے 12 افراد ڈوب گئے ان کے گھروں میں صف ماتم بچھ گئی۔ ہاکس بے پر پکنک منانے والے 12 افراد کو سمندر کی لہریں ساتھ لے گئیں۔ ڈوبنے والوں کی نعشیں ریسکیو ٹیموں کے تیراکوں نے نکال لی ہیں۔ ہاکس بے پکنک پر جانے والے افراد کا تعلق ناظم آباد اور شادمان ٹائون سے تھا جو ہفتے کی صبح پکنک منانے کے لئے گئے تھے۔ ایدھی ذرائع کے مطابق سمندر میں ڈوب کر مرنے والوں کا تعلق ایک ہی خاندان سے ہے۔ مرنے والوں میں 8 مرد 2 خواتین اور 2بچے شامل ہیں۔ یہ امر قابل ذکر ہے ڈوبنے والے زیادہ تر افراد ایک دوسرے کو بچانے کی کوششوں میں سمندر کی نذر ہوئے۔ نعشیں سیتا ولیج کے پاس سے ملیں۔ دریں اثناء وزیراعلیٰ سندھ مراد علی شاہ نے واقعہ کا نوٹس لے لیا ہے اور ہوم سیکرٹری سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔ ڈوبنے والوں میں وجاہت ولد شہزاد 28 سال، عمیر ولد جمیل30 سال، وعلی ولد نور20 سال، سعود ولد شعیب احمد 50 سال، فلیزا ولد سعود17 سال، طحیٰ ولد منہاج20 سال، عاطف ولد نسیم احمد 30سال ، حمزہ ولد تعمیل12 سال، عباد ولد سعود15 سال، علی ولد ضمیر26 سال شامل ہیں۔ نوائے وقت رپورٹ کے مطابق باپ‘ بیٹا اور بیٹی جاں بحق ہونے والوں میں شامل ہیں۔ چیئرمین پی پی بلاول بھٹو نے سانحہ کی تحقیقات کا حکم دیا ہے اور غمزدہ خاندان سے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ دو افراد ڈوبے تھے جن کو بچانے کیلئے دیگر افراد آگے آئے۔ ایس پی کیماڑی نے کہا سمندر میں لہریں بہت تیز تھیں اور متاثرہ فیملی کو پولیس اور ریسکیو ٹیموں نے آگے جانے سے منع کیا تھا لیکن اس کے باوجود انہوں نے ہماری بات سنی ان سنی کردی تھی۔ لاہور سے خصوصی رپورٹر کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے ہاکس بے کے ساحل پر ڈوبنے کے باعث قیمتی انسانی جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے- وزیراعلیٰ نے کہا ہے ہماری ہمدردیاں جاں بحق افراد کے غمزدہ خاندانوں کے ساتھ ہیں اور پنجاب حکومت سوگوار خاندانوں کے دکھ میں برابر کی شریک ہے۔ این این آئی کے مطابق پیپلزپارٹی پارلیمنٹرینز کے صدر آصف علی زرداری نے واقعہ پر گہرے رنج و غم اور صدمے کا اظہار کرتے ہوئے حکومت سندھ کو ہدایت کی ہے ایسے واقعات کی روک تھام کے لئے سخت اقدامات کئے جائیں۔ 

ای پیپر دی نیشن

آج کی شخصیت۔۔۔۔ جبار مرزا 

جب آپ کبھی کسی کے لیے بہت کچھ کہنا چاہ رہے ہوتے ہیں لفظ کہیں بھاگ جاتے ہیں ہمیں کوئی ایسے الفظ ملتے ہی نہیں جو اس شخصیت پر کہہ ...