راولپنڈی ( محمد رضوان ملک) مسلم لیگ ن کے رہنماءاور سابق وزیر داخلہ چودھری نثار علی خان کا یہ بیان کہ سابق وزیراعظم بے نظیر بھٹو اور مریم نوازشریف کا کوئی موازنہ نہیں ہے دونوں میں زمین آسمان کا فرق ہے ۔ پیپلز پارٹی کے لئے ہوا کا تازہ جھونکا ثابت ہوا ہے ۔چودھری نثار کے اس بیان کوپیپلز پارٹی کے چھوٹے بڑے رہنماﺅں نے سراہا ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بچے بچے ہوتے ہیں اور وہ غیر سیاسی ہوتے ہیں۔ان کا یہ بیان NA120 میں ہونے والے ضمنی انتخابات میں پیپلز پارٹی کو تو شاےد کوئی فائدہ نہ پہنچا سکے لیکن ان کے اپنی جماعت کے لئے کافی نقصان دہ ہوسکتا ہے ۔ان کے اس بیان کو این اے 120 سے تحریک انصاف کی رہنماءیاسمین راشد نے بڑی مثبت انداز میں لیتے ہوئے کہا ہے کہ مریم نوازشریف غیرسیاسی بچی ہے جو اپنے والد کی بادشاہت بچانے کے لئے ووٹ مانگ رہی ہیں۔چودھری نثار کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب مریم نوازشریف اپنی والدہ کی بیماری کے باعث اپنے والد کی چھوڑی نشست پر اپنی والدہ کی انتخابی مہم چلا رہی ہیں مسلم لیگ ن اور مریم نوازشریف کی مشکلات میں اضافہ کر سکتا ہے ۔ایک ایسے وقت میں جب سابق وزیراعظم میاں محمد نوازشریف لندن میں اپنی اہلیہ کے علاج معالجہ میں مصروف ہیں جہاں ان کے دونوں بیٹے بھی ان کے ساتھ ہیں ۔ ایسی صورت میں مریم نوازشریف این اے 120 کی انتخابی مہم چلا رہی ہیں جہاں 17 ستمبر کو الیکشن ہونا ہے۔ ان کا یہ بیان ان کی پارٹی سے ان کی ناراضگی کا اظہار کرتا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ بچے بچے ہوتے ہیں اور وہ غیر سیاسی ہوتے ہیں لیکن شاےد وہ یہ کہتے ہوئے بھول گئے کہ مریم نوازشریف بچی نہیں ہیں بلکہ شادی شدہ اورجوان بچی کی ماںہیں ۔جبکہ بے نظیر بھٹو جس وقت سیاست میںآئی تھیں تو وہ خود غیرشادی شدہ تھیں۔
بے نظیر اور مریم نواز کا کوئی موازنہ نہےں، چودھری نثار کا بےان پی پی کےلئے تازہ ہوا کا جھونکا ہے
Sep 10, 2017