اسلام آباد (سپیشل رپورٹ+ وقائع نگار خصوصی + نیشن رپورٹ + ایجنسیاں) ڈاکٹر عارف علوی نے ملک کے 13 ویں صدر کی حیثیت سے اتوار کے روز اپنے عہدے کا حلف اٹھا لیا۔ ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس ثاقب نثار نے صدر سے ان کے منصب کا حلف لیا۔ تقریب میں وزیراعظم عمران خان اور سبکدوش ہونیوالے صدر ممنون حسین بھی موجود تھے۔ ایوان صدر میں منعقدہ تقریب میں سپیکر قومی اسمبلی‘ ڈپٹی سپیکر‘ وفاقی وزرائ‘ پنجاب کے گورنر‘ سندھ‘ خیبر پی کے، پنجاب کے وزرائے اعلیٰ‘ مسلح افواج کے سربراہوں‘ ارکان پارلیمنٹ اور پاکستان تحریک انصاف کے کارکنوں نے بڑی تعداد میں شرکت کی۔ ایوان صدر میں صدر عارف علوی کی تقریب حلف برداری میں پاکستان کے دورے پر آئے ہوئے چینی وزیر خارجہ وانگ ژی اور سعودی عرب کے وزیر اطلاعات عذا دین صالح نے بھی شرکت کی۔ نوائے وقت سے مختصر گفتگو میں سعودی وزیر اطلاعات نے کہا ان کا دورہ پاکستان بہت اچھا رہا‘ پاکستان اور سعودی عرب دونوں گہرے رشتوں میں منسلک ہیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی پاک سعودی عرب تعلقات مزید مستحکم ہوں گے۔ ایوان صدر میں صدر کی حلف برداری کی تقریب میں اپوزیشن کے کسی رکن نے شرکت نہیں کی۔ بی بی سی کے مطابق یہ ملک کی 71 سالہ تاریخ میں دوسرا موقع ہے جب ایک منتخب صدر سے صدارت آئینی طریقے سے دوسرے منتخب صدر کو منتقل ہو گئی۔ اس سے قبل آصف زرداری سے ممنون حسین کو آئینی طریقے سے صدارت منتخب ہوئی تھی۔ جبکہ 13 میں سے صرف 2 صدور نے آئینی مدت پوری کی، 5 فوجی صدر تھے جبکہ وسیم سجاد 2 مرتبہ ملک کے عبوری صدر منتخب ہوئے۔ آئی این پی کے مطابق نومنتخب صدر ڈاکٹر عارف علوی نے حلف اٹھانے کے بعد حلف نامے پہ دستخط کئے جس کے بعد ممنون حسین کی پانچ سالہ مدت صدارت ختم ہو گئی۔ تقریب کے شرکاءکی چائے اور بسکٹ سے تواضع کی گئی۔ سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر اور ڈپٹی سپیکر محمد قاسم خان سوری، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے عارف علوی کو اسلامی جمہوریہ پاکستان کے صدر کے عہدے کا حلف اُٹھانے پر مبارک باد دی ہے۔ نیشن رپورٹ کے مطابق حلف اٹھانے کے بعد صدر ڈاکٹر عارف علوی نے کہا کہ وہ ”خاموش صدر“نہیں ہونگے ملکی ترقی کیلئے تمام ذمہ داریاں پوری کریں گے۔ میں آئینی حدود میں رہتے ہوئے تعلیم اور صحت کے شعبوں کی بہتری کیلئے کردار اداکروں گا اور عام آدمی کے لئے بنیادی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جائیں گی۔ سیاسی تجزیہ کار ضیغم خان نے کہا عالمی سطح پر پاکستان کے مثبت امیج کے لئے عارف علوی بہترکردارادا کرسکتے ہیں۔وقائع نگار خصوصی کے مطابق کابینہ ڈویژن نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کی حلف برداری اور صدارت کا منصب سنبھالنے سے متعلق باضابطہ نوٹیفکیشن جاری کر دیا ہے۔ بیشتر اپوزیشن رہنما¶ں نے وزیراعظم کے حلف کی طرح صدر کی تقریب حلف برداری میں بھی شرکت نہیں کی تاہم اتحادی جماعتوں کے بعض ارکان پارلیمنٹ نے شرکت کی۔ مسلم لیگ ن سے تعلق رکھنے والے وزیراعظم آزاد کشمیر راجہ فاروق حیدرتقریب میں موجود تھے۔ سابق صدر ممنون حسین بھی نومنتخب صدر عارف علوی سے پرتپاک طریقے سے ملے اور ان کیلئے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ مسلم لیگ ن، پیپلزپارٹی ،متحدہ مجلس عمل سمیت اپوزیشن کی قوم پرست جماعتوں کے رہنما شرکت نہ کرسکے۔ وزیراعظم عمران خان کی تقریب حلف برداری کا بھی اپوزیشن نے بائیکاٹ کےا تھا۔ تقریب میں سابق گورنر کے پی کے سردار مہتاب احمد خان نے اپوزیشن لیڈر میاں شہباز شریف کی نمائندگی کی۔ آن لائن کے مطابق نومنتخب صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کو ایوان صدر آمد پر مسلح افواج کے چاق و چوبند دستے کی جانب سے گارڈ آف آنر پیش کیا گیا۔ اس موقع پر قومی ترانہ کی دھن بھی بجائی گئی۔ صدر مملکت نے ایوان صدر کے عملے سے فرداً فرداً مصافحہ کیا۔ صباح نیوز کے مطابق پہلی ہدایات صدر پاکستان نے ایوان صدر میں کفایت شعاری اور سادگی اختیار کرنے کی جاری کی ہیں۔ متعلقہ افسران کو صدر مملکت نے ایوان صدر میں غیر ضروری اخراجات کو ختم کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا ایوان صدر میں بھی حکومت کی کفایت شعاری اور سادگی کی واضح جھلک نظر آنی چاہئے۔ آئی این پی کے مطابق ڈاکٹرعارف علوی کے تیرہویں صدر مملکت کی حیثیت سے حلف اٹھانے کے بعد پنجاب اور سندھ کے وزرائے اعلی نے تبصرہ کرتے ہوئے کہا آج وفاق مکمل ہو گیا۔ وزیراعلی پنجاب سردار عثمان بزدار نے کہا آج وفاق مکمل ہو گیا۔ ہم سب وزیراعظم عمران خان کے مشن کو مکمل کرنے کے لئے مل کرکام کریں گے۔ وزیراعلی سندھ سید مراد علی شاہ کا بھی کہنا تھا امید ہے نومنتخب صدر صوبوں کے مسائل حل کرنے کے لئے اپنا کردار بخوبی اداکریں گے۔ اے پی پی کے مطابق سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح نے ایوان صدر میں صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ملاقات کی۔ انہوں نے سعودی قیادت کی جانب سے نیک خواہشات اور مبارکباد کا پیغام پہنچایا اور دونوں برادر ملکوں کے درمیان قریبی تعلقات کو مزید بہتر بنانے کے لئے پاکستان کی نئی قیادت کے ساتھ مل کر کام کرنے کی خواہش سے بھی آگاہ کیا۔ ڈاکٹر عارف علوی نے سعودی معزز مہمان کا خیر مقدم کرتے ہوئے خادم الحرمین الشریفین شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے مبارکباد کے پیغام کو سراہا۔ صدر مملکت نے کہا پاکستان کے عوام سعودی عرب اور اسکی قیادت کے ساتھ احترام اور محبت کے عظیم رشتوں میں بندھے ہیںجس نے ان تعلقات کو خصوصی بنایا ہے۔ صدر مملکت نے کہا دونوں ممالک کے درمیان اطلاعات، ثقافت اور سیاحت کے شعبوں میں تعاون کے وسیع مواقع موجود ہیں۔ انہوں نے زور دیا کہ دونوں ملکوں کے درمیان میڈیا اور ثقافتی وفود کے تبادلے باقاعدگی سے ہونے چاہئیں۔ انہوں نے توقع ظاہر کی ڈاکٹر عواد کے دورے سے دوطرفہ تعلقات کے لئے نئی راہیں تلاش کرنے میں مدد ملے گی۔ صدر مملکت نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز اور ولی عہد محمد بن سلمان بن عبدالعزیز کے لئے نیک خواہشات اور تمناﺅں کا اظہار کیا۔ انہوں نے سعودی عرب کے عوام کے لئے امن، ترقی اور خوشحالی کے تسلسل کی دعا کی۔ سعودی عرب کے وزیر اطلاعات ڈاکٹر عواد بن صالح العواد نے شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی طرف سے صدر مملکت کو سعودی عرب کے دورے کی دعوت بھی دی۔ چین کے وزیر خارجہ وانگ ژی نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی سے ایوان صدر میں ملاقات کی۔ وزیر خارجہ نے صدر مملکت کا منصب سنبھالنے پر ڈاکٹر عارف علوی کو مبارکباد دیتے ہوئے نئی حکومت کے لئے چینی قیادت کی نیک خواہشات سے آگاہ کیا۔ انہوں نے کہا انہیں یہ اعزاز حاصل ہوا صدر مملکت کے حلف کے بعد پہلے شخص تھے جنہوں نے ان سے حلف برداری کی تقریب کے فوراً بعد ملاقات کی۔ انہوں نے دونوں ملکوں کے درمیان سٹریٹجک شراکت داری کے تعاون کی اہمیت پر زور دیتے ہوئے توقع ظاہر کی کہ ان تعلقات میں مزید بہتری آئے گی۔ انہوں نے وزیراعظم کے ساتھ اپنی ملاقات اور وزیر خارجہ کے ساتھ وفود کی سطح پر بات چیت کا حوالہ دیتے ہوئے کہا کہ اس سے علاقائی اور کثیر الجہتی مسائل پر باہمی دلچسپی کے تمام معاملات پر تبادلہ خیال کے مواقع میسر آئے۔ صدر مملکت نے چینی قیادت کی طرف سے نیک خواہشات کے پیغام پر چینی وزیر خارجہ کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اپنے دورِ صدارت میں دونوں ملکوں کے درمیان دوطرفہ تعلقات کو نئی بلندیوں تک لے جانے کے عزم کا اعادہ کیا۔ صدر مملکت نے پاکستان کی خارجہ پالیسی میں چین کی اہمیت پر روشنی ڈالتے ہوئے کہا دونوں ملکوں کے درمیان تمام شعبوں میں سٹریٹجک شراکت داری کی مضبوطی کے خواہشمند ہیں۔ دونوں ملکوں کے لئے چین پاکستان اقتصادی راہداری منصوبے کی اہمیت کا اعتراف کرتے ہوئے صدر ڈاکٹر عارف علوی نے حکومت کے سی پیک پر عملدرآمد کے عزم کا ایک بار پھر اعادہ کیا۔ انہوں نے چین کے صدر ژی جن پنگ کو پہلی فرصت میں پاکستان کے دورے کی دعوت دی۔
اسلام آباد (سپیشل رپورٹ + اے پی پی) چیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے گزشتہ روز یہاں صدر کی حلف برداری کی تقریب میں میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں کہا کہ پاکستان میں جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے۔ نئے صدر کی حلف برداری کی تقریب اس بات کا ثبوت ہے کہ جمہوری عمل آگے بڑھ رہا ہے۔ ایک سوال پر آرمی چیف نے کہا کہ سکھ یاتریوں کے لئے بارڈر کھولنے کے لئے تیار ہیں۔ آرمی چیف نے کہا کہ بھارت سے بامعنی مذاکرات ہونا چاہئیں۔اے پی پی کے مطابقچیف آف آرمی سٹاف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ملک میں جمہوریت فروغ پا رہی ہے اور وقت گزرنے کے ساتھ ساتھ مزید مستحکم ہو گی۔ ایوان صدر میں نو منتخب صدر ڈاکٹر عارف الرحمن علوی کی تقریب حلف برداری کے موقع پر سرکاری خبر رساں ادارے سے خصوصی گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ملک میں جمہوری اقدار تیزی سے فروغ پا رہی ہیں جو مستقبل میں مزید مستحکم ہوں گی۔ نئے سربراہ مملکت کی حلف برداری کے حوالے سے ان کی رائے معلوم کرنے کے حوالے سے جب پوچھا گیا تو جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا کہ ملک میں جمہوری عمل کے تسلسل کے لئے یہ بڑا اہم اور تاریخی موقع ہے۔
آرمی چیف
”خاموش صدر نہیں بنوں گا“ عارف علوی نے حلف اٹھا لیا : ملک میں جمہوریت مستحکم ہو رہی ہے : آرمی چیف
Sep 10, 2018