اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) سپریم کورٹ میں عدالتی سال مکمل ہوگیا اور 10 ستمبر سے نئے سال کا آغاز ہوگا جہاں اس وقت 40 ہزار 540 مقدمات میں درخواست گزار فیصلوں کے منتظر ہیں۔ سپریم کورٹ میں عدالتی سال کے اختتام کے ساتھ زیرسماعت مقدمات کے اعداد و شمار کے مطابق سپریم کور ٹ اسلام آباد سمیت کراچی، لاہور، پشاور اور کوئٹہ رجسٹری میں دیوانی نوعیت کے 9 ہزار 368 مقدمات زیرسماعت ہیں۔سپریم کورٹ اسلام آباد اور دیگر رجسٹریوں میں مزید 19 ہزار 374 آئینی درخواستیں، 2 ہزار249 جیل پٹیشنز اور سپریم کورٹ کی جانب سے لیے گئے ازخود نوٹس کے 39 مقدمات زیر سماعت ہیں۔عدالت عظمی میں اس وقت بنیادی انسانی حقوق کے 274 مقدمات بھی زیر التوا ہیں۔تازہ اعداد وشمار کے مطابق سپریم کوٹ میں یکم اگست سے 15 اگست 2018 کے دوران 682 نئے مقدمات درج ہوئے جن میں اسلام آباد میں 375، کراچی رجسٹری میں 49، لاہور رجسٹری میں 181، پشاور رجسٹری میں 60 اور سپریم کورٹ کوئٹہ رجسٹری میں درج 17 مقدمات شامل ہیں۔سپریم کورٹ نے اس دوران مجموعی طور پر 526 مقدمات نمٹائے جبکہ پشاور اور کوئٹہ رجسٹری میں ان 15 دنوں میں کوئی مقدمہ نمٹایا نہیں جا سکا ۔یکم سے 15 اگست 2018 کے دوران درج ہونے والے بنیادی انسانی حقوق کے 17 مقدمات میں سے 3 مقدمات کو پایہ تکمیل تک پہنچایا گیا۔
سپریم کورٹ/ نیا سال