جنوبی کوریا کی خیبرپختونخوامیں توانائی منصوبوں میں تعاون کی پیشکش

پشاور(این این آئی)جنوبی کوریا نے خیبرپختونخوامیں توانائی سمیت دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہارکرتے ہوئے واضح کیاہے کہ پاکستان قدرتی وسائل سے مالامال ہے خصوصاً خیبرپختونخوامیں پائے جانے والے پن بجلی اور تیل وگیس کے قدرتی وسائل یہاں کا قیمتی خزانہ ہیں۔کوریانے 60کی دہائی میں پاکستان کے پانچ سالہ پلان کو اپناتے ہوئے ترقی کی ہے۔جنوبی کوریا نے اب تک پاکستان میں4ارب ڈالرز کی سرمایہ کاری کی ہے۔جنوبی کوریا کے تعاون سے ضلع چترال میں لواری ٹنل،چترال میں106میگاواٹ گولین گول ہائیڈروپاورپراجیکٹ اورآزادکشمیر اورخیبرپختونخواکے بارڈرپر 147میگاواٹ پترندہائیڈروپاورپراجیکٹ کو کامیابی کے ساتھ مکمل کیا گیا ہے۔ ان خیالات کا اظہارجنوبی کوریاکے سفیرSung Kyu Kwakکی قیادت میں کورین سرمایہ کاروں کے وفد نے سیکرٹری توانائی وبرقیات محمد سلیم خان سے انکے دفتر میں خصوصی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔اس موقع پر ایڈیشنل سیکرٹری توانائی وبرقیات محمد آصف اورچیف ایگزیکٹوآفیسرپیڈوانجینئرذین اللہ شاہ بھی موجود تھے۔ کورین سرمایہ کاروں کے وفد کوخیبرپختونخوامیں توانائی کے پائے جانے والے وسائل پر بریفنگ دی گئی۔ اس موقع پر کورین وفد نے ضلع کوہستان میں545میگاواٹ کیگاہ ہائیڈروپاورپراجیکٹ،ضلع سوات میں215میگاواٹ اسریت کیدام ہائیڈروپاورپراجیکٹ اورکالام اسریت197میگاواٹ ہائیڈروپاورپراجیکٹ سمیت ضلع کوہستان میںواپڈاکے496میگاواٹ پاورپراجیکٹ میں سرمایہ کاری کرنے میں دلچسپی کا اظہا رکیاہے۔ اس موقع پر سیکرٹری توانائی وبرقیات محمد سلیم خان نے کہاکہ پاکستانی قوم بہت محنتی ہے اوریہاں پر سرمایہ کاری کے سنہرے مواقع موجود ہیں تاہم جنوبی کوریاکی جانب سے توانائی کے شعبے میں سرمایہ کاری کاہم خیر مقدم کرتے ہیں اورامید کرتے ہیں کہ ملک میں جاری توانائی کے بحران کے حل میں کوریاہماری بھرپورمددکرسکتاہے۔انہوں نے وفد کویقین دلایا کہ وہ کورین حکومت اور سرمایہ کاروں کی جانب سے توانائی بحران پر قابوپانے کی پیشکش کے سلسلے میںبھرپورتعاون کرینگے۔

ای پیپر دی نیشن