ملتان (آ ئی این پی)ملتان کی بہا ئوالدین زکریا یونیورسٹی میں طلبا تنظیموں کے جھگڑے کے دوران حریف تنظیم کی جانب سے ایک نہتے طالب علم کو بدترین تشدد کا نشانہ بنایا گیا، وزیراعلی پنجاب عثمان بزدار نے طالب علم پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی۔ ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک تنظیم کے 20 سے 25 افراد نے ہاسٹل کے کمرے میں گھس کر حریف تنظیم کے ایک نہتے طالب علم کو تشدد کا نشانہ بنایا۔ گزشتہ ایک ماہ سے دو طلبہ تنظیموں کے درمیان ہاسٹلز کے معاملات کو لیکر جھگڑے جاری تھے۔ حملہ آوروں نے ہاسٹل میں گھس کر توڑ پھوڑ کی اور وہاں موجود چیزوں کو نقصان پہنچایا۔یونیورسٹی انتظامیہ کا موقف ہے کہ اس حوالے سے انکوائری ضرور ہوگی۔ملتان پولیس کا کہنا ہے کہ جھگڑے کے واقعہ کا علم نہیں، یونیورسٹی انتظامیہ تحریری طور پر آگاہ کرے تو قانونی کارروائی کریں گے۔ وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے طالب علم پر تشدد کے واقعہ کا نوٹس لیتے ہوئے سی پی او ملتان سے رپورٹ طلب کرلی،وزیراعلی نے ہدایت کی ہے کہ ذمہ داروں کیخلاف قانون کے تحت کارروائی کی جائے۔