ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈیویلپمنٹ نوید عالم بھی پی ایچ ایف کی پالیسوں سے باغی

Sep 10, 2018

لاہور(سپورٹس رپورٹر) پاکستان ہاکی فیڈریشن کے ڈائریکٹر ڈومیسٹک اینڈ ڈیویلپمنٹ نوید عالم بھی پی ایچ ایف کی پالیسوں سے باغی ہو گئے۔ فیڈریشن حکام کی جانب سے ملنے والے شوکاز نوٹس ایک مزاحیہ تحریر ہے، نوٹس کے معاملے پرکانگریس ممبران کو جوابدہ ہوں، ہاکی کی بربادی کے محرکات پر کل میڈیا کانفرنس کرونگا۔ سابق اولمپئین نوید عالم نے پاکستان ہاکی فیڈریشن کی جانب سے شوکاز نوٹس جاری ہونے پر اپنا موقف دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہاکی فیڈریشن ایک ادارہ ہے جس کو ذاتی خواہشات پر نہیں بلکہ کارکردگی پر چلایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ ٹیم کی کارکردگی سے متعلق بیان پر شوکاز نوٹس پر صرف کانگریس میٹنگ اور کانگریس لیڈز کو جوابدہ ہوں، دوست نواز پالیسیوں کو بھول کر قومی کھیل کی فلاح و بہبود کے لئے کام کیا جاتا تو بہتر ہوتا۔ پاکستان ہاکی ٹیم کی بری کارکردگی پر تمام کانگریس ممبران کو اعتماد مین لے لیا گیا ہے ، ہم پاکستان ہاکی کی بہتری چاہتے ہیں اور وزیراعظم عمران خان کے ویژن کے تحت سپورٹس پالیسی پر عمل کرتے ہوئے قومی کھیل کی بحالی اور ترقی کا سفرطے کریں گے۔ سابق ورلڈ چیمپئین و کانگریس و ایگزیکٹو بورڈ ممبر اولمپئین نوید عالم نے کہا کہ صدرپی ایچ ایف کی ہدایات پر پیر تک خاموش ہوں منگل کے روز پریس، میڈیا کانفرنس کرونگا جس میں پاکستان ہاکی کے زوال کے محرکات، اقرباء پروری، بے ضابطگیوں، جانبدارانہ پالیسیوں، خلاف آئین پالیسیوں اور مارکیٹنگ افیئرز سے متعلقہ کئی اہم معاملات سے پردہ اٹھاوں گا۔

مزیدخبریں