نائومی اوساکا یو ایس اوپن کی نئی چیمپئن سرینا ولیمز نے امپائر کو چور کہہ دیا

Sep 10, 2018

لاہور (سپورٹس ڈیسک )یوا یس اوپن ٹینس ٹورنا منٹ کے فائنل میں شکست سے دل برداشتہ سرینا ولیمز نے سپورٹس مین سپرٹ کا مظاہرہ کرنے کے بجائے میچ ریفری کو جھوٹا اور چور قرار دے کر صنفی امتیاز برتنے کا الزام دھر دیا۔ امریکی اوپن ٹینس ٹورنامنٹ کے فائنل میں جاپانی کھلاڑی نائومی اوساکا نے میدان مار لیا۔ شکست خوردہ امریکی ٹینس سٹار سرینا ولیمزنے امپائر کے فیصلوں کو شکست کا ذمہ دار قرار دیتے ہوئے شدید غصے کا اظہار کیا۔غصے سے آگ بگولہ سرینا ولیمز نے میچ کے دوران ہی نہ صرف امپائر کو مخاطب کرتے ہوئے جھوٹا اور چور کہہ کر پکارا بلکہ صنفی امتیاز برتنے کا الزام بھی دھر دیا۔ امپائر سے بدتمیزی پر امریکی ٹینس سٹار کی حریف اوساکا کو ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔جھگڑے کی ابتدا اْس وقت ہوئی جب ٹینس کورٹ سے باہر بیٹھے سرینا کے کوچ نے شکست کی جانب بڑھتی اپنی شاگرد کو مدد فراہم کرنے کے لیے مشکوک اشارے کیے۔کھیل کے دوران ٹینس کورٹ سے باہر بیٹھے کوچ کا اپنے کھلاڑی کو اشارے کرنا ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی ہے۔ امپائر نے اپنا استحقاق استعمال کرتے ہوئے سرینا ولیمزکے خلاف پوائنٹ دے دیا تاہم سرینا نے اس فیصلے پر شدید احتجاج کیا اور امپائر سے بدتمیزی کی۔سرینا ولیم نے کہا کہ میں کھیل کے نظم و ضبط کی سختی سے پابندی کرتی ہوں اور کوچ سے مدد لینے کے بجائے ہار جانے کو فوقیت دیتی ہوں لیکن میرے ساتھ بد دیانتی کی گئی۔ سرینا نے حریف کو پوائنٹس دینے پر امپائر کو چور اور جھوٹا قرار دیا۔ایک اور موقع پر سرینا ولیمز نے غصے سے اپنا ریکٹ زمین پر پٹخ دیا اور نامناسب الفاظ دہرائے جس پر امپائر نے سرینا کے خلاف پینالٹی دے دی۔ سرینا نے امپائر کے اس فیصلے پر بھی شدید احتجاج کیا اور شور شرابہ کرتی رہیں۔سرینا ولیمز کا کہنا تھا کہ میں نے کئی مرد ٹینس سٹارز کو کورٹ میں ریکٹ کو پٹختے دیکھا ہے تاہم کبھی کسی امپائر نے اس پر پینالٹی نہیں دی لیکن ایک خاتون ٹینس سٹار ہونے کی وجہ سے میرے ساتھ صنفی امتیاز برتا گیا اور پینالٹی دے دی گئی۔ میں خواتین کے حقوق کے لیے لڑتی رہوں گی۔میچ کے اختتام پر جب امپائر نے جاپانی کھلاڑی نائومی اوساکا کی کامیابی کا اعلان کیا تو نمبر ون ٹینس سٹار رہنے والی سرینا ولیمز غیر متوقع شکست پر اپنے جذبات قابو میں نہ رکھ سکیں اور ٹینس کورٹ میں ہی آنسوؤں سے رونے لگیں۔ نیویارک میں ہونے والے گرینڈ سلم چیمپئن شپ فائنل میں جاپان کی نائومی اوساکا نے سرینا ولیم کو 2-6 اور 4-6 سے شکست دے کر اپ سیٹ کردیا اور یوں جاپان کی پہلی گرینڈ سلم چیمپئن بن گئیں۔

مزیدخبریں