چین نے بھارت کو نشانہ بنانے کی صلاحیت کا حامل دنیا کا پہلا مقناطیسی راکٹ تیار کر لیا

Sep 10, 2018

بیجنگ(آئی این پی)چین نے زمین سے زمین پر مار کرنے والا دنیا کا پہلابرقی مقناطیسی راکٹ تیار کر لیا ہے۔یہ راکٹ تبت کے دوردراز علاقوں میں ٹیسٹ کیا جا رہا ہے۔چین کو یقین ہے کہ یہ راکٹ ’’دنیا کی چھت‘‘سے چین کے حریف بھارت کے مرکزی شہروں کو نشانہ بنا سکتا ہے۔چین اس راکٹ کو لانچ کرنے کیلئے پہلی برقی مقناطیسی ریل گنز کا ٹیسٹ کر رہا ہے۔چینی ذرائع ابلاغ نے دعویٰ کیا ہے کہ یہ زمین سے زمین تک مار کرنے والا دنیا کا پہلا برقی مقناطیسی تباہ کن ہتھیار ہوگا۔جسے دنیا کے سب سے بلند مقام تبت کی چوٹیوں سے بھارت کو نشانہ بنایا جا سکے گا۔یہ برقی مقناطیسی راکٹ ایک باقاعدہ راکٹ کے مقابلے میں زیادہ درست طور پر اپنے ہدف کو نشانہ بنا سکتا ہے اور یہ میزائل کی نسبت بہت زیادہ سستا بھی ہے۔اس منصوبے پر کام کرنے والے ایک سائنس دان ہین جن لی نے سرکاری جریدے سائنس اینڈ ٹیکنالوجی ڈیلی کو بتایا کہ اس ہتھیار کی رینج اور ٹیکنیکل تفصیلات ابھی ظاہر نہیں کی گئیں،تاہم یہ برقی مقناطیسی ہتھیار راکٹ کو لانچنگ سٹیج سے ابتدا میں ہی رفتار بہت زیادہ تیز کرنے میں مدد دے سکتا ہے۔سائوتھ چائنہ مارننگ پوسٹ کے مطابق یہ دنیا کا اپنی قسم کا پہلا منصوبہ ہے اور یہ پروگرام کے مطابق بڑی کامیابی کے ساتھ مسلسل آگے بڑھ رہا ہے۔تاہم سائوتھ چائنہ مارننگ پوسٹ یہ سوال ضرور کرتا ہے کہ بھارت جو کہ ایک ایٹمی طاقت ہے اپنے شہروں پر اس طرح کے حملوں کا کیا جواب دیگا۔؟

مزیدخبریں