حکومت وعدوں سے پھسلتی جا رہی ہے‘ قوم کو ریلیف نہیں مہنگائی ملے گی

اسلام آباد (نیوز ڈیٹ) اپوزیشن بنچوں پر بیٹھ کر پی ٹی آئی نے قوم سے جو وعدے کیے تھے آج ان کے ایفاء کا وقت ہے۔قوم منتظر ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کب اپنے وعدے پورے کرتے ہیں۔ان خیالات کا اظہار امیر مرکزی جمعیت اہلحدیث اسلام آباد حافظ مقصود احمد نے گذشتہ روز مرکزی جمعیت اہلحدیث اسلام آباد کی کابینہ کے اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کیا۔ انھوں نے کہا کہ نئی حکومت ابتدائی ایام میں پھسلتی نظر آرہی ہے۔آج ٹیکسوں کو بڑھانے اور گیس وبجلی کے نرخ بڑھانے کی باتیں ہو رہی ہیں جس سے قوم کو ریلیف نہیں بلکہ مہنگائی کا تحفہ ملے گا۔ملک کی ترقی کا دارومدار مثبت اور مضبوط پالیسیوں پر ہے۔صرف ٹیکسز سے آج تک کسی ملک نے ترقی نہیں کی۔پی ٹی آئی حکومت نے پارلیمنٹ کی تزئین وآرائش کے لیے 11کروڑ 35 لاکھ کا ٹینڈر دے کر اپنے وعدوں سے انحراف کیا ہے،قوم بھوک برداشت کر رہی ہے اور پارلیمنٹ کوپالش کیا جارہا ہے۔سابقہ حکمرانوں کو مغل شہزادوں کا طعنہ دینے والے آج خود شہزادے بن رہے ہیں۔انھوں نے کہا کہ سندھ کی صوبائی حکومت سے امتیازی سلوک بحران کو جنم دے گا۔لہذا مرکزی حکومت کو صوبائی خودمختاری کا احترام کرنا ہوگا۔دینی مدارس کے نصاب کے حوالے سے انھوں نے کہا کہ پہلے حکومت کو چاہیے کہ او لیول اور اے لیول اور گورنمنٹ کے بورڈ اور انگلش میڈیم کا نصاب یکساں کرے۔اس کے بعد مدارس کا نام لے۔دینی مدارس کے نصاب سے چھیڑ خانی حکومت کو مہنگی پڑے گی۔اجلاس میں مولانا عبدالرؤف، چوہدری محمد یوسف سلفی، حافظ عابد رشید، چوہدری محبوب احمد ، حافظ محمد الیاس چوہدری، خالد سیال ،محمد رفیق بھٹی اور قاری عبدالوحید بھی شامل تھے۔

ای پیپر دی نیشن