اسلام آباد/ ریاض (وقائع نگار خصوصی/ نیٹ نیوز) سعودی عرب کے فرمانروا شاہ سلمان نے دنیا بھر کے مسلمانوں کے لئے ایک سال میں دوسری بار عمرہ کرنے کی فیس معاف کر دی ہے۔ وزیر برائے حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح بنتن نے سعودی فرمانروا اور شہزاہ محمد بن سلمان کی جانب سے جاری ہونے والے شاہی فرمان کی تصدیق کی ہے۔ سعودی وزیر حج و عمرہ ڈاکٹر محمد صالح نے کہا کہ خادم حرمین شریفین کا یہ اعلان وژن 2030 کا حصہ ہے جس کے تحت عمرہ زائرین کی تعداد 3 کروڑ سالانہ تک پہنچانا ہے۔ انہوں نے کہا کہ مکہ مکرمہ اور مدینہ منورہ میں معتمرین کو تمام خدمات دی جائیں گی۔ واضح رہے کہ گزشتہ دنوں سعودی حکومت نے پاکستانی حکومت کی درخواست کو منظور کرتے ہوئے دو سال میں عمرہ کرنے والوں پر عائد 2 ہزار ریال فیس کی شرط ختم کر دی تھی۔
سعودی عرب نے سال میں دو بار عمرہ کرنے کی اضافی فیس ختم کر دی
Sep 10, 2019