سیالکوٹ(صباح نیوز) معاون خصوصی برائے اطلاعات و نشریات ڈاکٹر فردوس عاشق اعوان نے کہاہے کہ وہ دن دور نہیں جب یزید کی طرح بھارت اور ظالم مودی بھی عبرت کا نشان بنے گا اور کشمیر آزاد ہوگا،کشمیری عزاداروں پر حملہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔اپنی ٹویٹ میں انہوں نے کہا کہ قاتل مودی کی غاصب فوج کے بدترین محاصرے اور کرفیو کے باوجود باہر نکل کر کشمیریوں نے حضرت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کی سنت کو زندہ کیا۔ حسینیت کے علمبرداروں نے بھارتی جبر کو للکاراا ور حق و سچ پر ڈٹے رہنے کے غیر متزلزل عزم کا اظہار کیا۔ حضر ت امام حسین رضی اللہ تعالی عنہ کے نام لیوائوں پر بھارتی فوج کا حملہ معرکہ کربلا کا ایک تسلسل ہے، یہ حملہ بھارتی ریاستی دہشت گردی کی بدترین مثال ہے۔انہوں نے کہا کہ یزید کے پیروکار فسطائی مودی نے مظلوم کشمیریوں کے بنیادی آئینی، جمہوری و انسانی حقوق غصب کرکے ان کی مذہبی آزادی بھی سلب کر لی۔ نہتے کشمیری عزاداروں پر مظالم اور گرفتاریوں کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ وہ دن دور نہیں جب یزید کی طرح بھارت اور ظالم مودی بھی عبرت کا نشان بنے گا اور کشمیر آزاد ہوگا۔
یزید کی طرح بھارت اور فسطائی مودی بھی عبرت کا نشان بنے گا: فردوس عاشق
Sep 10, 2019