اسلام آباد (وقائع نگار) اسلام آباد ہائیکورٹ کے چیف جسٹس اطہرمن اللہ کی عدالت نے لاہور اسلام آباد موٹروے ٹول ٹیکس میں 10 فیصد اضافے کے خلاف درخواست ناقابل سماعت قرار دے کر خارج کردی۔ گذشتہ روز سماعت کے دوران عدالت نے استفسار کیا کہ ٹول ٹیکس کدھر لیا جا رہا ہے؟۔ جس پر درخواست گزار وکیل نے کہاکہ موٹروے پر ٹول ٹیکس میں اضافہ کیا گیا قانوناً ایسا نہیں کیا جا سکتا۔ چیف جسٹس نے کہا کہ کیا موٹر وے مفت ہی بنتی ہے یا چل سکتی ہے؟۔ کون سا قانون ہے جو موٹر وے ریگولیٹ کرتا ہے۔ عدالت نے درخواست گزار وکیل سے کہا کہ آپ کو ایسی درخواستیں دائر نہیں کرنی چاہیے، اگر پٹیشنر لاہور ہے تو وہاں درخواست دائر کر سکتے ہیں۔ پٹیشنر اپنے منتخب نمائندے کے ذریعے معاملہ متعلقہ فورم پر اٹھا سکتا ہے، عدالت نے درخواست گزار وکیل کے دلائل کے بعد درخواست خارج کر دی۔