برآمدی صنعتوں کو سستی بجلی فراہمی جاری، نیکسٹ جنریشن موبائل سروسز سپیکٹرم کی فروخت کیلئے کمیٹی کی منظوری

اسلام آباد (نمائندہ خصوصی) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے باقی ماندہ نیکسٹ جنریشن موبائل سروسیز سپیکٹرم کی فروخت کیلئے کمیٹی کے قیام کی منظوری دے دی ہے۔ مشیر برائے خزانہ ڈاکٹر عبدالحفیظ شیخ کمیٹی کے چیئرمین ہوں گے جبکہ ممبران میں وفاقی وزیرانفارمیشن ٹیکنالوجی، وزیر اعظم کے مشیر برائے تجارت، وزیر صنعت وپیداوار اور وزیر منصوبہ بندی، ترقی و اصلاحات شامل ہیں۔کمیٹی مارکیٹ کی جائزہ رپورٹس کا معائنہ کریں گی اور ٹیلی کمیونیکیشن اتھارٹی (پی ٹی اے) کو این جی ایم ایس سپیکٹرم کے اجراء  کیلئے  سفارشات مرتب کرے گی، کمیٹی این جی ایم ایس سپیکٹرم کے اجراء کے ضمن میں تجزیہ کرے گی اور وفاقی حکومت کو پالیسی ہدایات فراہم کرے گی۔ کمیٹی پی ٹی اے کی جانب سے سپیکٹرم کے اجراء کے سارے عمل کی نگرانی بھی کرے گی۔ اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 22 جولائی 2020 ء کو ہونے والے اجلاس میں دی جانے والی ہدایات کی روشنی میں نیا پاکستان ہائوسنگ اینڈ ڈویلپمنٹ اتھارٹی سے متعلق فیصلے کے ضمن میں منٹس میں ترامیم کی بھی منظوری دی تھی۔ ترمیم و منظور شدہ فیصلے کے تحت 33  ارب روپے سے زائد مختص کئے جائیں گے  جو10سال کی مارک آپ سب سڈی  کے لئے ہوں گے جبکہ قرضوں کی معیاد 20سال ہو گی ۔ جاری مالی سال کے دوران مارک اپ کی ادائیگی کے لئے 4-7 ارب  روپے کی ضمنی گرانٹ کی بھی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں برآمدی صنعتوں کے لئے بجلی اور آر ایل این جی کے رعایتی نرخوں کو جاری رکھنے کی بھی منظوری دی گئی۔ پاور ڈویژن کے ورک آئوٹ کے مطابق جولائی اور اگست کے لئے برآمدی صنعتوں کے لئے بجلی کے نرخ 7.5 امریکی سینٹ فی کلو واٹ ہو گی۔ اس کے بعد جاری مالی سال کے باقی مہینوں میں 9 سینٹ فی کلو واٹ کے حساب سے عائد کئے جائیں گے۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ بجلی کے شعبے کے لئے پاور ہولڈنگ کمپنی کے ذریعے وزارت خزانہ 31 ارب روپے کی ضمانت کا تسلسل جاری رکھے گی۔

ای پیپر دی نیشن