اسلام آباد (نا مہ نگار) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات سینیٹر شبلی فراز نے جامعات پر زور دیا ہے کہ وہ شمولیت کے موضوع پر تحقیق کو ترجیح بنائیں۔ نوجوان تاریخ کا مطالعہ کریں۔ شمولیت کے کلچر کو فروغ دیکر حکومت کو معاشی، سماجی اور تزویزاتی چیلجز کو کم کرنے میں کامیابی حاصل ہوئی ہے۔ مذاکرات اور بھائی چارے کے فروغ سے معاشرے کو بہتر کیا جا سکتا ہے۔ وہ بدھ کو بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ادارہ تحقیقات اسلامی کے زیر اہتمام " پر امن پاکستان معاشرہ، چیلنجز اور مواقع" کے موضوع پر منعقدہ قومی کانفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ اس موقع پر ڈپٹی سپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری، بین الاقوامی اسلامی یونیورسٹی کے ریکٹر پروفیسر ڈاکٹر معصوم یاسین زئی، ادارہ تحقیقات اسلامی کے ڈائریکٹر جنرل ڈاکٹرضیا الحق سمیت مختلف جامعات کے سکالرز، محقیقین اور جامعہ کے دیگر حکام بھی موجود تھے۔ اس موقع پر جامعہ کے ڈینز، اساتذہ اور دیگراعلیٰ عہدیدران سمیت محققین و طلباء بھی موجود تھے۔ کانفرنس کے دوارن پیغام پاکستان اورسسٹین ایبل سوشل ڈویلپمنٹ ( ایس ایس ڈی او)کے مابین مفاہمتی یاداشت (ایم او یو) پر دستخط ہوئے۔