ٹریفک وارڈن نے سی سی پی او کا چالان کر دیاعمر شیخ تھانہ شمالی چھاؤنی بھی گئے

Sep 10, 2020

لاہور (نمائندہ خصوصی) سربراہ لاہور پولیس محمد عمر شیخ نے صبح سویرے پرائیویٹ کار میں ٹریفک سیکٹر کینٹ اور تھانہ شمالی چھائونی کا اچانک وزٹ کیا۔ سی سی پی او نے وارڈنز کی کارکردگی جانچنے کیلئے جان بوجھ کر سیٹ بیلٹ اور موبائل فون کی وائیلیشن کی۔ دوران ڈرائیونگ موبائل فون سننے پر ٹریفک وارڈن خرم نے گاڑی کو روک کر خلاف ورزی کی بابت بتاتے ہوئے کاغذات طلب کئے۔ اس موقع پر سربراہ لاہور پولیس نے ٹریفک وارڈنز سے گفتگو بھی کی۔ سی سی پی او لاہور نے وائیلیشن پر چالان کروایا اور بعدازاں قریبی فرنچائز سے چالان کی آن لائن ادائیگی کر دی۔ محمد عمر شیخ نے ٹریفک وارڈنز کے حسن سلوک اور ڈیلنگ کے طریقہ کار سے متاثر ہوتے ہوئے وارڈن خرم سمیت ساتھی تین وارڈنز کو تعریفی اسناد اور نقد انعام کا اعلان کیا۔ بعدازاں سی سی پی او محمد عمر شیخ عام سائل کی طرح تھانہ شمالی چھائونی پہنچ گئے اور پولیس کا فرسٹ رسپانس چیک کرنے کیلئے فرنٹ ڈیسک پر موٹرسائیکل چوری کی درخواست دی۔ ڈیوٹی پر تعینات عملہ نے فوری راہنمائی کرتے ہوئے درخواست موصول کی۔ سی سی پی او لاہور نے فرنٹ ڈیسک پر تعینات اہلکاروں کو فوری ریسپانڈ کرنے پر شاباش دی۔ سی سی پی او لاہور نے تھانہ شمالی چھائونی کا جائزہ لیتے ہوئے ریکارڈ، حوالات میں موجود قیدیوں اور صفائی ستھرائی انتظامات دیکھے۔ سی سی پی او لاہور نے ایس ایچ او اور ڈی ایس پی سے کینٹ سرکل میں کرائم کی صورتحال پر بریفنگ لی۔

مزیدخبریں