اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) شہباز شریف نے توشہ خانہ کیس میں نوازشریف کو اشتہاری قرار دینے پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ اپنی اہلیہ کو مرتا ہوا چھوڑ کر عدالت کے حکم پر سر جھکانے والے نواز شریف کے بارے میں یہ حکم افسوسناک ہے۔ پاکستان کو جوہری قوت بنانے والے تین دفعہ کے منتخب وزیراعظم کے بارے میں یہ حکم سن کر عوام کو دلی دکھ ہوا ہے۔ نوازشریف نے وزیراعظم ہوتے ہوئے بھی ہمیشہ قانون، عدالت اور احتساب کا سامنا کیا۔ نوازشریف نے سپریم کورٹ کو خط لکھ کر خود کو احتساب کے لئے پیش کیا تھا۔ جیسے ہی محمد نواز شریف کو ڈاکٹرز اجازت دیں گے، وہ قانون کے سامنے پیش ہو جائیں گے۔ محمد نوازشریف کی زندگی پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے۔ وہ علاج مکمل ہوتے ہی وطن واپس آئیں گے۔ دہشت گردی سے نجات اور ملک کو روشن کرنے والے قائد کی پذیرائی کے بجائے اس نوع کا سلوک تاریخ کا سیاہ باب کہلائے گا۔ شہباز شریف نے وادی سون‘ چکوال اور تلہ گنگ میں بارشوں اور سیلابی صورتحال سے نقصانات پر اظہار افسوس کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی وصوبائی حکومت اور متعلقہ ادارے متاثرہ علاقوں میں سیلاب میں پھنسے عوام کے جان و مال کے تحفظ کے لئے ریسکیو و ریلیف اور ہنگامی اقدامات کریں۔
اہلیہ کو مرتا چھوڑ کر عدالتی حکم پر سر جھکانے والے کو اشتہاری قرار دینا افسوسناک: شہباز شریف
Sep 10, 2020