اسلام آباد (وقائع نگار خصوصی) حضرت امام علی بن الحسین علیہ السلام کی شہادت کے سلسلے میںقائد ملتِ جعفریہ آغاسیدحامدعلی شاہ موسوی کے اعلان کردہ عالمی عشرہِ بیمار ِ کربلا کی مجالس عزا ء اور ماتمی جلوسوں کا سلسلہ بدستور جاری ہے۔ وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں منگل کو حیدری برادران کے زیر اہتمام امام بارگاہ کورال میں مجلس عزا سے خطاب کرتے ہوئے علامہ بشارت حسین امامی نے کہاکہ اجدادِ رسول ؐ کی عزت و حرمت کا اعتراف کرنا شرط ِ مسلمانی ہے۔انہوںنے کہاکہ حدیث نبوی ؐ ہے کہ حسین مجھ سے ہیںاورمیں حسین سے ہوں ۔ انہوں نے کہاکہ حضرت امام حسین ؑ کاکربلاکے میدان میںآخری سجدہ نے اسلام کوعروج وکمال عطاکیا ۔علامہ امامی نے کہاکہ شیطانی قوتیں آج بھی حسینیت ؑ اورکربلاسے خوف زدہ ہیں،علامہ سید قمرحیدرزیدی نے کہاکہ امام زین العابدین ؑنے عظمتِ انسانی کی حفاظت و پاسداری کا حق ادا کیا ۔مجلس سے ذاکر ناہید عباس جگ، ذاکر ساجد علی ساجد ، ذاکر قمر مختار کوثر اور دیگر ذاکرین نے بھی خطاب کیا۔
مظلومین اسوہِ شبیری ؑ کومشعل راہ بنائیں،بشارت امامی
Sep 10, 2020