لاہور (وقائع نگار خصوصی) لاہور ہائیکورٹ نے پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کے حکم پر سختی سے عمل درآمد کروانے کا حکم دے دیا جسٹس شاہد کریم نے شہری ہارون فاروق کی درخواست پر سماعت کی۔ فاضل عدالت نے ریمارکس دیئے کہ فارمیسیز پر پلاسٹک بیگز استعمال ہو رہے ہیں مگر کوئی کارروائی نہیں کی جا رہی۔ فارمیسیز کی مرکزی آئوٹ لیٹ کو کہہ دیں کہ وہ اپنی تمام برانچوں پر پلاسٹک بیگز کا استعمال ترک کروائیں۔ متعلقہ محکموں کے افسروں کو فارمیسیز کی ہر برانچ میں جانے کی ضرورت نہیں ہے ایڈیشنل ایڈووکیٹ جنرل پنجاب نے عدالت کو بتایا کہ ملتان، فیصل آباد، راولپنڈی، گوجرانوالہ کے شہروں میں پلاسٹک بیگز سے متعلق نوٹسز جاری کر دیئے ہیں جس پر عدالت نے کہا کہ بالکل میرے علم میں ہے کہ پلاسٹک بیگز پر پابندی کیلئے دیگر شہروں میں بھی کارروائی کی جا رہی ہے ایسوسی ایٹ ایڈووکیٹ سلمان ابوذر نے کہا کہ سر پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کا حکم راولپنڈی اور دیگر شہروں میں بھی نافذ کرنے کا حکم دیا جائے۔ فاضل عدالت نے کہا کہ تقریبا سارے پنجاب پلاسٹک بیگز کے استعمال پر پابندی کا حکم دیا گیا ہے۔ سلمان ابوزر نیازی ایڈووکیٹ کو کہیں کہ عدالت کے پچھلے آرڈرز بھی پڑھا کرے عدالت نے کیس کی مزید سماعت دو ہفتوں تک ملتوی کر دی۔
پلاسٹک بیگز پر پابندی‘ ہائیکورٹ نے سختی سے عملدرآمد کا حکم دیدیا
Sep 10, 2020