لاہور (خصوصی نامہ نگار) جامعہ اشرفیہ لاہور میں مہتمم مولانا حافظ فضل الرحیم اشرفی کی زیر صدارت عظمت صحابہؓ و اہل بیت ؓ سیمینار ہوا جس سے ملک کی مختلف دینی و مذہبی جماعتوں کے قائدین مولانا عبدالرؤف فاروقی، حافظ اسعد عبید، مولانا محمد امجد خان، حافظ طاہر محمود اشرفی، صاحبزادہ مولانا زاہد محمود قاسمی، مولانا محمد الیاس چنیوٹی ایم پی اے، مولانا معاویہ اعظم طارق ایم پی اے، مولانا زبیر احمد ظہیر، مولانا خلیل احمد تھانوی، مولانا عبدالرؤف ملک، مولانا عزیز الرحمن ثانی، مولانا سید فہیم الحسن تھانوی، مولانا جمیل الرحمن اختر اور دیگر علماء نے ملک میں صحابہ کرامؓ اور اہل بیتؓ کی شان میں گستاخیوں کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ صحابہ کرامؓ و اہل بیت عظامؓ کی شان میں گستاخی ناقابلِ برداشت اور ملک کے امن و امان کو تباہ کرنے کی مذموم سازش ہے جس کو کسی صورت بھی کامیاب نہیں ہونے دیا جائے گا اور وطن عزیز کے امن کے خلاف ہونے والی سازشوں کا ہرسطح پر مقابلہ کیا جائے گا۔ سیمنار میں مقررین نے کل 11 ستمبر جمعۃ المبارک کو عظمت صحابہ ؓ و اہل بیتؓ کے طور پر منانے کا اعلان کیا اور کہا کہ علماء اور خطباء جمعۃ المبارک کے اجتماعات میں صحابہ کرامؓ و اہل بیت عظامؓ کی عظمت و شان کو بیان کرتے ہوئے ان کے خلاف زبان درازی کے خلاف قرارداد مذمت منظور کروائیں اور ملزمان کو گرفتار کر کے قرار واقعی سزا کا مطالبہ کیا۔ سیمینار میں یہ طے کیا گیا کہ مختلف مقامات پر عظمت صحابہؓ و اہل بیتؓ کانفرنسیں منعقد کی جائیں گی اور تمام دینی و مذہبی جماعتوں کا صوبائی اور مرکزی سطح پر قائدین کا جلد اجلاس بلائے جائے گا۔ سیمینار میں برطانیہ کے ارکان پارلیمنٹ کی جانب سے قادیانیوں کی حمایت پر مبنی رپورٹ کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے کہا کہ یہ 1974ء کے قادیانیوں کو متفقہ طور پر غیر مسلم اقلیت قرار دینے کے فیصلہ کے خلاف گھناؤنی سازش اور تحفظ ناموس رسالتؐ قانون کو ختم کرانے کی جانب کوشش ہے۔