اسلام آباد(نمائندہ نوائے وقت)وفاقی وزیر مواصلات وپوسٹل سروسز مراد سعید نے کہا ہے کہ پیپلزپارٹی سمیت مخالف سیاسی جماعتیں سیلاب پر سیاست چمکا رہی ہے، عوامی فلاح و بہبود کے منصوبوں سے توجہ ہٹانے کے لئے یہ پریس کانفرنسز کرتے ہیں اور الزامات لگاتے ہیں، گوداموں میں گندم اور توشہ خانوں میں توشے نہیں چھوڑتے اور سیاست الزامات کی کرتے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے بدھ کے روز یہاں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان ایک صاحب بصیرت شخصیت ہیں، کرونا کے خاتمے کے لئے ان کی سمارٹ لاک ڈان پالیسی کو پوری دنیا نے سراہا اور پاکستان میں اس وجہ سے صورتحال تسلی بخش رہی، ہم اب بھی لوگوں کو کہتے ہیں کہ کورونا ختم نہیں ہوا کم ہوا ہے، احتیاطی تدابیر جاری رکھیں۔ انہوں نے کہا کہ کراچی کچرے کا ڈھیر بنا ہوا ہے، بہت سارا کچرا ہم نے صاف کر دیا، سندھ حکومت کا کچرا بھی جلد صاف کر دیں گے، کراچی کے حالات ایک دن کی بات نہیں برسوں کا مسئلہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم عمران خان نے اپنے حالیہ دورہ سندھ کے موقع پر کراچی کی ترقی کے لئے انقلابی اقدامات اور فیصلے کئے اور تاریخی ترقیاتی پیکج کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم کی پالیسیوں کے باعث پیپلزپارٹی اور مخالف سیاسی جماعتوں کو پریشانی لاحق ہے، وہ اہم مسائل سے توجہ ہٹانے کے لئے انہیں بھی سیاست کی نذر کر دیتے ہیں، وزیراعظم نے کراچی کے مسائل حل کرنے کے لئے خصوصی توجہ دی ہے، ہم کراچی کو سندھ حکومت کے رحم و کرم پر نہیں چھوڑ سکتے، تباہ کن بارشوں سے کراچی سمیت پورے سندھ میں بہت زیادہ تباہی کا سامنا کرنا پڑا، وزیراعظم نے ان تمام معاملات کا نوٹس لیتے ہوئے خصوصی پیکج کا اعلان کیا ہے، انشااللہ اب کراچی کی ترقی کو کوئی نہیں روک سکتا۔