ماسکو(شِنہوا)روس میں انسداد دہشتگردی فوجی مشقوں قفقاز۔2020 کا انعقاد 21 سے 26 ستمبر تک کیا جائے گا،جن میں 10 ممالک کے فوجی حصہ لیں گے۔ یہ اعلان روسی وزیر دفاع سرگئی شویگو نے کیا۔ملک کے اعلی فوجی حکام کے ساتھ ایک آن لائن کانفرنس میں شویگو نے کہا کہ اس کے اہم اقدامات جنوبی روس کے استراخان خطے میں کاپوستین یار اور آشولوک کے تربیتی میدانوں اوربحیرہ اسود اور بحیرہ کیسپین کے پانیوں میں آشکار کیے جائینگے۔انہوں نے کسی بھی ملک کا نام بتائے بغیر کہا کہ 10 شریک ممالک کے علاوہ 9 مزید ممالک بھی اپنے فوجی مبصرین کو روس بھیجیں گے۔شویگو نے فوجیوں یا فوجی سازوسامان کی تعداد کا انکشاف نہیں کیا حالانکہ روسی وزارت دفاع نے کہا تھا کہ قفقاز۔2020 رواں سال ملک کا سب سے بڑا تربیتی پروگرام ہو گا۔