غیر ترقیاتی اخراجات میں کفایت شعاری کی مہم اس سال بھی یکساں شرائط کے ساتھ جاری رکھی جائے گی: مخدوم ہاشم جواں بخت

Sep 10, 2020 | 17:32

کامرس رپورٹر

لاہور(کامرس رپورٹر )صوبائی وزیرخزانہ پنجاب مخدوم ہاشم جواں بخت نے کہا ہے کہ  غیر ترقیاتی اخراجات میں کفایت شعاری کی مہم اس سال بھی یکساں شرائط کے ساتھ جاری رکھی جائے گی۔ اخراجات میں کمی کے لیے ہر سال نئے ائیرکنڈیشنز کی خریداری کی بجائے مرمت اور صفائی پر توجہ دی جائے۔ پرانی مشینری، گاڑیوں اور ائیرکنڈیشنز کی نیلامی کی کارائیوں سے کمیٹی کو باخبر رکھا جائے۔ سرکاری عمارتوں کی ماحول دوست طرز تعمیر ائیر کنڈیشنز کے اخراجات میں واضح کمی کا سبب بن سکتی ہے۔ سرکاری دفاتر کے لیے بلڈنگز کی تعمیر، خریداری اور مرمت کے دواران توانائی کی بچت کے لیے مجوزہ ڈیزائن کو مد نظر رکھا جائے۔ درختوں کی موجودگی بھی دفاتر کے ماحول کو بہتر بنا سکتی ہے احاطوں میں درختوں کی موجودگی کو بھی لازمی قرار دیا جائے۔انہوں نے   ان خیالات کا اظہار   کفایتی کمیٹی برائے مالی سال 2020-21کے پہلے اجلاس کی صدارت کے دوران کیا۔ صوبائی وزیر نے محکمہ خزانہ کو ہدایت کی کہ آئندہ ا ئیر کنڈیشنز کی منظوری سے قبل انرجی ڈیپارٹمنٹ سے سفارشات کی پڑتال کروائی جائے۔ نئی عمارات کی تعمیر کے ساتھ پہلے سے موجود عمارت میں ماحول دوست تبدیلیوں کے لیے انرجی ڈیپارٹمنٹ اور پنجاب انفراسٹریکچر اتھارٹی کی خدمات حاصل کی جائیں۔ اجلاس کے دیگر شرکاء میں صوبائی وزیر برائے آبپاشی محسن لغاری، وزیر برائے مواصلات سردار آصف نکئی، سیکرٹری خزانہ عبداللہ سنبل اور متعلقہ محکموں کے افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں چھ نکاتی ایجنڈہ زیر بحث لایا گیا جس میں مختلف محکموں کی جانب سے ائیر کنڈیشنز کے لیے سفارشات شامل تھیں۔ محکمہ سیاحت کو رواں مالی سال میں الگ محکمے کے قیام کی بنیاد پر ائیر کنڈیشنز کی خریداری کی اجازت کے علاوہ محکمہ تعلیم اور صحت کو موجود فنڈز سے ضلعی دفاتر اور ہسپتالوں کے لیے اے سیز کی خریداری کی منظوری دی گئی۔ ائیر کنڈیشنز کی خریداری کے لیے اضافی فنڈز کی منظوری کی حوصلہ شکنی کی گئی ۔وزیر خزانہ نے تمام محکموں کو ہدایت کی کہ وہ غیر ضروری اخراجات پر کنٹرول کے ذریعے نئے سامان کی خریداری کی گنجائش پیدا کریں تاکہ صوبائی وسائل کے موثر استعمال کو یقینی بنایا جا سکے۔

مزیدخبریں