لائن آف کنٹرول پر فائر بندی معاہدے کی خلاف ورزی پر پاکستان نے سینئر بھارتی سفارتکار کو دفتر خارجہ طلب کرکے شدید احتجاج کیاہے اور احتجاجی مراسلہ ان کے حوالے کیا۔ترجمان دفترخارجہ کے مطابق 8ستمبر کی شب ایل او سی پر بھارتی بلا اشتعال فائرنگ سے 3شہری زخمی ہوئے۔ بھارتی غاصب افواج ایل او سی ورکنگ بائونڈری پر مسلسل شہری آبادی کو نشانہ بنارہی ہے رواں سال بھارت نے اب تک 2199 بار فائر بندی کی خلاف ورزی کی ۔احتجاجی مراسلے میں مزید کہا گیا ہے کہ بھارتی فائرنگ سے 12 افراد شہید 171 معصوم شہری زخمی ہوئے۔ بھارتی اقدام 2003 کے جنگ بندی معاہدے اور پیشہ وارانہ فوجی قواعد کی بھی خلاف ورزی ہے۔ عالمی قوانین کی مسلسل خلاف ورزی سے عیاں ہے کہ بھارت ایل او سی پر صورتحال خراب کرنا چاہتا ہے۔ ایسے اقدامات سے مقبوضہ کشمیر میں جاری انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیوں سے توجہ نہیں ہٹائی جاسکتی۔