لاہور (خصوصی رپورٹر) مسلم لیگ (ن) نے حکومت کی تین سالہ کارکردگی کو مسترد کرتے ہوئے کہا کہ بیڈ گورننس کا یہ عالم ہے ہر تین ماہ بعد آئی جی‘ چیف سیکرٹریز تبدیل کر دئیے جاتے ہیں۔ عمران خان اپنا پرچی کا وزیراعلی تبدیل کر کے دیکھیں شاید بہتری آجائے۔ حکومت نے تین سالوں میں مہنگائی، بے روزگاری کے سوا کچھ نہیں دیا۔ حکومت تعلیم، صحت، امن و امان سمیت ہر شعبے میں مکمل طور پر ناکام ثابت ہوئی۔ مسلم لیگ (ن) نے پنجاب حکومت کی تین سالہ کارکردگی پر وائٹ پیپر جاری کر دیا۔ لیگی رہنماؤں نے ماڈل ٹاؤن پارٹی سیکرٹریٹ میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے حکومتی پالیسیوں کو شدید تنقید کا نشانہ بناتے ہوئے کہا کہ حکومت صوبے کی عوام کو نہ تو سستا علاج دے سکی اور نہ ہی مہنگائی کو کنٹرول کر سکی۔ صوبے بھر میں آٹا، چینی اور اشیاء خورونوش کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ ہوا۔ عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں۔ پاکستان مسلم لیگ (ن) کے صدر میاں شہباز شریف کے ترجمان ملک محمد احمد خان، پنجاب کے جنرل سیکرٹری سردار اویس لغاری، پنجاب کے نائب صدر رانا مشہود احمد خان، خواجہ سلمان رفیق، مسلم لیگ (ن) لاہور کے جنرل سیکرٹری خواجہ عمران نذیر، صبا صادق، راحیلہ خادم حسین، طٰحہ نون، رمیش سنگھ‘ رانا احسان الحق‘ اسوہ آفتاب سمیت دیگر نے مشترکہ پریس کانفرنس میں شریک تھے۔ میاں شہباز شریف کے ترجمان ملک احمد خاں نے کہا کہ آج ملک میں گورننس پیچھے اور سیاست آگے نظر آتی ہے اور گورننس ہی اصل مسئلہ ہے۔ امن و امان کی صورتحال انتہائی ابتر ہے۔ صحت کارڈ جنوبی افریقہ اور بنگلہ دیش سمیت متعدد ممالک میں آ چکا۔ آپ صحت کارڈ تو چلائیں لیکن ہسپتالوں میں ادویات اور ٹیسٹوں کی فراہمی بند کر دیں یہ کیسے ہو سکتا ہے۔ آج آئی جی سے لے کر تھانے کے ایس ایچ او تک ہر جگہ سیاسی مداخلت ہو رہی ہے۔ حکومت کی ہر شعبے میں ناکامی اور نااہلی عیاں ہے۔ ہم نے وائٹ پیپر میں ابتدائی طور پر 20 شعبوں کا پوسٹ مارٹم کیا ہے۔ اگر حکومت سبسڈی نہیں دیتی تو غریب گھرانہ کیسے گزارہ کر سکتا ہے۔ ملک احمد خاں نے میڈیا کے سوالوں کے جوابات دیتے ہوئے کہا کہ ،پی ڈی ایم میں پیپلزپارٹی کی دوبارہ شمولیت کے حوالے سے میں بات نہیں کر سکتا، سیاسی کارکن کے طور پر میں چاہتا ہوں کہ پیپلزپارٹی سے مذاکرات جاری رہنے چاہیئں۔ ابھی استعفوں کا کوئی فیصلہ نہیں ہوا ہے۔ پارلیمان کے اندر ہم بطور پارٹی حکومت کو ٹف ائم دے رہے ہیں۔ لیگی رہنماؤں نے کہا حکومت سے جان چھڑوانا اب بہت ضروری ہو چکا ہے۔
حکومت مکمل ناکام‘ جان چھڑانا ضروری: مسلم لیگ (ن)‘ وائٹ پیپر جاری
Sep 10, 2021