کاہنہ+ ساہیوال (نامہ نگار+ نمائندہ نوائے وقت) کاہنہ کے علاقہ لکھوکی روڈ پر مبینہ پولیس مقابلہ میں ایک ڈاکو ہلاک اور دو فرار ہو گئے جبکہ ساہیوال میں نواحی گائوں 87/9-L انجم فارم کے قریب مبینہ پولیس مقابلہ ہوا ہے جس میں پولیس اور ڈاکوئوں کے درمیان فائرنگ کے نتیجہ میں ایک ڈاکو مارا گیا جبکہ 2 ڈاکو موٹرسائیکل پر فرار ہوگئے۔ تفصیلات کی مطابق گذشتہ شب ڈاکوخانو ہارنی گاؤں کے قریب ناکہ لگا کر شہریوں کو لوٹ رہے تھے کہ چوکی انچارج علی باجوہ اپنی ٹیم کے ہمراہ واپس آرہاتھاکہ ڈاکوؤں نے پولیس کو دیکھ کرفائرنگ کر دی،فائرنگ کے تبادلے میں ایک ڈاکو ہلاک ہوگیا ہلاک ڈاکو کی شناخت اسماعیل کے نام سے ہوئی، مرنے والے ڈاکو کیخلاف چوری، ڈکیتی اور راہزنی کے 36 مقدمات لاہور، قصور اور گجرات میں درج ہیں۔ جبکہ ڈاکوؤں کی فائرنگ سے افتخار نامی راہگیر پاؤں پر فائر لگنے سے زخمی ہوگیا جسے ہسپتال منتقل کردیاگیا یہاں اس کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ایس پی ماڈل ٹاؤن دوست محمدنے بتایا کہ فرار ڈاکوؤں کی تلاش جاری اور وہ جلد پولیس کی گرفت میں ہونگے۔