لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین مرکزی رؤیت ہلال کمیٹی پاکستان خطیب وامام بادشاہی مسجد مولانا سید عبدالخبیر آزاد نے کہا ہے کہ پاکستان جن حالات سے گزر رہا ہے اس میں ضرورت ہے کہ وحدت و اتحاد کو عام کریں۔ منبر ومحراب قومی یکجہتی کا موثر ذریعہ ہے۔ پیغام پاکستان کے بیانیہ کو پھیلانے اور کامیاب بنانے میں منبر ومحراب نے کلیدی کردار ادا کیا ہے۔ انہوں نے کہاکہ اس کانفرنس کے ذریعے اخوت، محبت، رواداری، برداشت اور اتحاد کو مضبوط بنانے میں بہت مدد ملے گی۔ ہم ملک دشمن قوتوں کو بتانا چاہتے ہیں کہ تمھارا ملک میں انتشار کا ناپاک ایجنڈا ناکام ہو گا۔ پاکستان میں فرقہ واریت کی آگ بھڑکانے کی جو سازشیں ہو رہی ہیں وہ ساری کی ساری ناکام ہوں گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے مجلس علماء پاکستان (خیبر پختونخواہ) کے زیر اہتمام جامع مسجد مہابت خان میں ’’پیغام پاکستان منبر ومحراب کانفرنس‘‘ سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ کانفرنس کے مہمان خصوصی خصوصی سفیر امن مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد تھے جبکہ میزبان مکرم مولانا محمد طیب قریشی خطیب جامع مسجد پشاور تھے۔ اس کانفرنس میں تمام مسالک کے جید علماء کرام و مشائخ عظام، مساجد کے آئمہ حضرات نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مولانا سید محمد عبد الخبیر آزاد نے کہا کہ آج تمام مسالک کے علماء متحد ہیں اور ایک پلیٹ فارم پر جمع ہیں۔ پیغام پاکستان تمام قوم اور تمام مسالک کا متفقہ بیانیہ ہے۔ ہم پیغام پاکستان کو آگے بڑھا رہے ہیں۔ مضبوط، خوشحال اور مستحکم پاکستان ہماری منزل ہے۔ علماء اور قوم کا مکمل تعاون افواج پاکستان کے ساتھ ہے۔ مولانا محمد طیب قریشی نے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ آج منبر و محراب کے کردار کو مزید موثر بنانے کی ضرورت ہے۔
پیغام پاکستان تمام اقوام و مسالک کا متفقہ بیانیہ ہے: عبدالخبیر آزاد
Sep 10, 2021