محاصرے ، تلاشی کار روائیاں جاری ، باڈی پورہ سے خاتون گرفتار

Sep 10, 2021

سرینگر(اے پی پی)بھارت کے غیر قانونی زیر تسلط جموںوکشمیر میں محاصرے اور تلاشی کارروائیاں جاری ہیں۔بھارتی پولیس نے ضلع بانڈی پورہ میں ایک خاتون کو گرفتار کر لیا ہے۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق پولیس نے خاتون کو ضلع کے علاقے الوسہ میں ایک ناکے پر گرفتار کیا۔ایک سینئر پولیس افسر نے ذرائع ابلاغ کے نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے خاتون پر ایک مجاہد تنظیم کے ساتھ کام کرنے کا الزام عائد کیاہے ۔ انہوں نے مزید کہا کہ خاتون سے بڑی تعداد میں مجاہد تنظیم کے پوسٹر برآمد ہوئے ہیں۔ گرفتار کی جانے والی خاتون کے خلاف بانڈی پورہ تھانے میں غیر قانونی سرگرمیوں کی روک تھام سے متعلق کالے قانون یو اے پی اے کے تحت مقدمہ درج کیا گیا۔جبکہ کل جماعتی حریت کانفرنس نے بزرگ حریت قائد سید علی گیلانی کی وفات کے بعدبھارتی پولیس کی طرف سے وادی کشمیر اور جموں خطے کے مسلم اکثریتی علاقوں میں خوف و دہشت کا ماحول پیدا کرنے کی شدیدمذمت کی ہے ۔ کشمیر میڈیا سروس کے مطابق کل جماعتی حریت کانفرنس کے ترجمان نے جمعرات کوسرینگر میں جاری ایک بیان میں کہا کہ بھارتی غیر قانونی زیر تسلط علاقے میں پبلک ٹرانسپورٹ ، موبائل اور انٹرنیٹ سروسز معطل ہیں جبکہ قابض بھارتی فورسز اہلکار لوگوں کو ہراساں کر رہے ہیں اور توہین آمیز سلوک کا نشانہ بناتے ہیں۔ترجمان نے کہا کہ شہید رہنما سید علی گیلانی کے رشتہ داروں اور لوگوں کو فاتحہ خوانی کیلئے انکی قبر پر جانے کی اجازت نہیں ہے۔ دوسری جانب بھارت کے غیرقانونی زیرتسلط جموںوکشمیر میں نیشنل کانفرنس کے سینئر رہنما ٹی ایس وزیر نئی دلی میں پر اسرار حالت میں مردہ پائے گئے ہیں۔کشمیر میڈیاسروس کے مطابق ترلوچن سنگھ وزیرنئی دہلی میں اپنی رہائش گاہ میں مردہ پائے گئے۔وہ جموں کے رہائشی تھے اور چند روز قبل نئی دہلی گئے تھے ۔

مزیدخبریں