لاہور (نیوز رپورٹر) وزیراعلیٰ عثمان بزدار نے کہا ہے کہ عمران خان کی قیادت میں تاریخ میں پہلی بار جنوبی پنجاب میںترقی کا نیا دورشروع ہوا ہے۔ آج جنوبی پنجاب ترقی کے سفر میں شامل ہوچکا ہے۔ تحریک انصاف کی حکومت کھوکھلے نعروں پر نہیں عملی اقدام پر یقین رکھتی ہے۔ رولز آف بزنس منظور کرکے جنوبی پنجاب سیکرٹریٹ کے محکموں کو بااختیار بنایا ہے۔ جنوبی پنجاب کے لوگوں کو کام کے سلسلے میں لاہور نہیں آنا پڑے گا۔ سابق حکومتیں وعدوں پر جنوبی پنجاب کے عوام کو بہلاتی رہیں اور سابق ادوار میں جنوبی پنجاب کو بری طرح نظر انداز کیا گیا۔ جنوبی پنجاب کے فنڈز من پسند اضلاع پر خرچ کیے گئے۔ علاوہ ازیں پنجاب حکومت کسانوںکی خوشحالی اور معاشی استحکام کیلئے تاریخی اقدامات کے بہترین نتائج سامنے آنا شروع ہوچکے ہیں۔ وزیراعلیٰ نے کاشتکاروں کی فلاح وبہبود اور پیداوار میں اضافے کیلئے اقدامات کا ذکر کرتے ہوئے بتایا ہے کہ وزیراعظم ایمرجنسی پروگرام کے تحت 300 ارب روپے کے پراجیکٹس پر عملدرآمد جاری ہے۔ کھادوں پر ساڑھے 12 ارب روپے سبسڈی دی گئی ہے۔ تصدیق شدہ بیج اور جدید زرعی مشینری پر 4.4 ارب روپے سبسڈی دے ر ہے ہیں۔ ای کریڈٹ سکیم کے تحت 45 ارب روپے کے بلاسود قرضے دیئے جارہے ہیں۔ صوبے میں 60 فیصد سبسڈی پر 3 ارب 62 کروڑ روپے سے جدید ڈرپ/سپرنکلر سسٹم لارہے ہیں۔ 50 فیصد سبسڈی پر 42 کروڑ 90 لاکھ روپے سے سولر سسٹم لگائے جارہے ہیں۔ پنجاب کی تاریخ میں پہلی زرعی پالیسی منظورکی گئی اور عملدرآمدبھی شروع کردیا گیا۔ 105 منڈیوں میں کسان پلیٹ فارم قائم کیے گئے ہیں۔ فصل کے بیمہ کیلئے انشورنس کمپنیوں کو حکومت ایک ارب 50 کروڑ روپے پریمیم اداکر رہی ہے۔ صوبہ بھر میں گندم کی 1800 اور گنے کی 200 روپے فی 40 کلوگرام سپورٹ پرائس کو یقینی بنایا گیا۔ سال 2020-21 میں گندم اور گنے سمیت دیگر فصلوں کی ریکارڈ پیداوار حاصل ہوئی۔ عثمان بزدارنے سینئر صحافی حافظ ظہیر اعوان کے انتقال پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔
سابق حکومتیں وعدوں پر جنوبی پنجاب کے عوام کو بہلاتی رہیں : عثمان بزدار
Sep 10, 2021