فیصل آباد، چنیوٹ، شیخوپورہ، راولپنڈی، سیالکوٹ، منڈی بہاؤ الدین، قصور (علاقائی نمائندوں سے+ نوائے وقت رپورٹ) چنیوٹ کے نواحی علاقہ میں 7 سالہ بچی کو زیادتی کے بعد قتل کر دیا گیا۔ فیصل آباد میں شادی شدہ خاتون کو بے آبرو کر دیا گیا۔ راولپنڈی میں استاد نے مدرسے کے طالب علم، پراپرٹی ڈیلر نے خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنا ڈالا۔ سیالکوٹ میں 2 بچوں کی ماں کو باہر بھجوانے کا جھانسہ دیکر ترکی میں زیادتی کی گئی۔ واپس لاکر دارالامان داخل کرا دیا۔ جبکہ ایک لڑکی کو چچا زاد نے زیادتی کا نشانہ بنایا۔ منڈی بہاؤالدین میں 8 سالہ بچی سے زیادتی کی گئی۔ قصور میں بھی دو خواتین کو نشانہ بنایا گیا۔ فیصل آباد سے نمائندہ خصوصی کے مطابق شادی شدہ خاتون کو زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ راولپنڈی وارث خان پولیس تھانے کی حدود میں مدرسے کے استاد نے طالب علم کو مبینہ طور پر زیادتی اور تشدد کا نشانہ بنایا۔ پولیس کی جانب سے واقعے کا مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ دریں اثناء پولیس کا کہنا تھا کہ کلر سیداں کے علاقے میں منگل کے روز ایک خاتون کو پراپرٹی ڈیلر کی جانب سے مبینہ طور پر زیادتی کا نشانہ بنایا گیا۔ سیالکوٹ سے نامہ نگار کے مطابق تھانہ ہیڈمرالہ کے گاؤں ڈھلے والی کی رہائشی دو بچوں کی ماں کو تصور علی‘ زین اور سونیا بی بی بیرون ملک لے جانے کا جھانسہ دیکر ترکی لے گئے اور فروخت کرنے کی کوشش کی۔ مارا پیٹا اور پیسے چھین لئے۔ خاتون نے بتایا کہ ترکی میں تصور زیادتی کرتا رہا اور واپس پاکستان لا کر دارالامان میں جمع کروا دیا۔ قصور سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق رکن پورہ کے رہائشی نے درخواست دی میری بیوی گھر میں موجود تھی کہ ملزم جمیل سے زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ جبکہ قصبہ الہ آباد میں خاتون گھر میں اکیلی تھی کہ ملزم ریاض آیا اور زبردستی زیادتی کا نشانہ بنا دیا۔ چنیوٹ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق چک نمبر 243 علاقہ تھانہ لنگرآنہ سے 7 سالہ بچی اقصیٰ کی نعش ملی ہے۔ جس کے سر پر ضربیں لگی ہوئی تھیں۔ نامعلوم ملزمان کیخلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ ابتدائی میڈیکل رپورٹ کے مطابق بچی کو زیادتی کے بعد قتل کیا گیا ہے۔ ملزمان کو ٹریس کرنے کے لیے ایس پی انوسٹی گیشن کی زیر نگرانی سپیشل ٹیمیں تشکیل دی گئی ہیں۔ جیوفینسنگ کروانے کے بعد علاقہ سے 5 مشکوک افراد کو حراست میں لیا گیا جن کے ڈی این اے ٹیسٹ کروا لئے گئے ہیں۔ مزید مشتبہ افراد کو شامل تفتیش کیا جا رہا ہے۔ شیخوپورہ سے نمائندہ نوائے وقت کے مطابق تھانہ صدر شیخوپورہ کے علاقہ چک شاہ پور میں ایک بااثردرندہ صفت اوباش نوجوان عمر کمبوہ غریب محنت کش 16 سالہ یتیم بچی کو گن پوائنٹ پر اغواء کر کے زبردستی زیادتی کا نشانہ بناتا رہا۔ حاملہ ہونے پر انہیں سنگین نتائج کی دھمکیاں دیتا رہا۔ پولیس نے درندگی کا شکار ہونے والی بچی کے بھائی اویس ظفر کی رپورٹ پر ملزم کے خلاف مقدمہ تو درج کر لیا ہے مگر تاحال اسے گرفتار نہ کر سکی۔ ملزم عمر کمبوہ مقدمہ کی پیروی پر انہیں قتل کرنے کی دھمکیاں دینے کے علاوہ انہیں گاؤں بدر کرنے پر تل گیا۔ جس پر مظلوم یتیم بچی کے ورثاء اور علاقہ کے لوگ سراپا احتجاج بن گئے۔ جنہوں نے وزیراعلی پنجاب اور آئی جی سے نوٹس لینے کی اپیل کی ہے۔