عالمی وبا کورونا وائرس کے بڑھتے کیسز کے پیش نظر کراچی کے علاقے کورنگی کے ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں اسمارٹ لاک ڈاؤن نافذ کردیا گیاہے۔
تفصیلات کے مطابق ڈپٹی کمشنر کورنگی نے ہاٹ اسپاٹ ایریاز کی نشاندہی کے بعد کورنگی کے مخصوص علاقوں اور گلیوں میں اسمارٹ لاک ڈائون نافذ کردیا ہے۔جاری کردہ نو ٹی فکیشن کے مطابق اسمارٹ لاک ڈاؤن دوہفتےکیلئے 23ستمبر تک نافذ العمل ہوگا۔
ذرائع کے مطابق کورنگی کے علاقے یوسی دس اور ماڈل کالونی یو سی ایک میں کیسز رپورٹ ہوئے ، ڈی سی کورنگی کا اس حوالے سے کہنا ہےکہ دو یوسیز میں 13 کورونا کیسز رپورٹ سامنے آنے کے بعد لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔ڈسٹرکٹ کورنگی کے سب ڈویژن کورنگی کے یونین کونسل نمبر 10 اور ماڈل سب ڈویژن کےیونین کونسل نمبر 1 میں مائیکرواسمارٹ بھی لاک ڈاؤن نافذ کیا گیا ہے۔لاک ڈاؤن ہاٹ اسپاٹ علاقوں میں ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر کی رپورٹ کے مطابق لگایا گیا ہے۔
نوٹی فکیشن میں کہا گیا ہے کہ مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے ایریاز میں کسی بھی قسم کے اجتماعات اور تقریبات پر مکمل پابندی ہوگی اور ہاٹ اسپاٹ ایریاز میں ایس او پیز پر سختی سے عملدرآمد کروایا جائے گا۔نوٹی فکیشن کے مطابق مائیکرو اسمارٹ لاک ڈاؤن والے ایریاز میں ماسک کا استعمال لازمی قرار دیا گیا ہے۔اس کے علاوہ کہا گیا ہے کہ اسسٹنٹ کمشنر کورنگی اور اسسٹنٹ کمشنر ماڈل اپنے اپنے سب ڈویژن میں اسمارٹ لاک ڈاؤن والے علاقے میں ایس او پیز کو لازمی فالو کروائیں۔
واضح رہے کہ ترجمان سندھ حکومت مرتضیٰ وہاب نے کہا ہے کہ سندھ حکومت نے جمعے کو بھی مارکیٹیں کھولنے کا فیصلہ کیا ہے۔
مرتضیٰ وہاب نے ایک نجی ٹی وی چینل کے پروگرام میں فون پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ جمعے کو مارکیٹیں کھلیں گی۔ اب ہفتے میں صرف اتوار کو مارکیٹیں بند رہیں گی۔انہوں نے مزید کہا کہ کورونا کیسز کی شرح میں بھی کمی آئی ہے۔