عالمی شراکت داروں کی مدد سیلاب متاثرین کی بحالی میں اہم ہوگی : آرمی چیف 

Sep 10, 2022

اسلام آباد(خبرنگارخصوصی)آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ عالمی شراکت داروں کی مدد سیلاب متاثرین کی بحالی میں اہم ہوگی۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کی طرف سے جاری کردہ بیان کے مطابق امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی (یو ایس ایڈ) کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے جی ایچ کیو راولپنڈی میںآرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ سے ملاقات کی۔ ملاقات کے دوران باہمی دلچسپی کے امور اور انسانی ہمدردی کے اقدامات میں تعاون اور شراکت داری پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ ملاقات کے دوران سماتھا پاور نے سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی۔ سمانتھا پاور نے عوام کو مکمل تعاون کی پیشکش کی اور سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں بچاؤ اور امدادی سرگرمیوں میں سول انتظامیہ اور پاک فوج کی کوششوں کو بھی سراہا۔اس موقع پر آرمی چیف نے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے اس بات کا اعادہ کیا کہ عالمی شراکت داروں کی مدد متاثرین کی بازیابی اور بحالی میں اہم ہو گی۔ مزید براں  آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ جمعہ کو اسلام آباد میں برطانوی ہائی کمیشن گئے۔ ذرائع کے مطابق جنرل قمر جاوید باجوہ نے ملکہ الزبتھ دوم  کی وفات پر تعزیت کا اظہار کیا اور مہمانوں کی کتاب میں تاثرات درج کیے۔علاوہ ازیں آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ اور امریکی وزیر دفاع جنرل لائیڈ جیمز آسٹن کے درمیان ٹیلی فونک رابطہ ہوا ہے۔ پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ(آئی ایس پی آر) کے مطابق گفتگو کے دوران باہمی دلچسپی، علاقائی استحکام، دفاعی اور سکیورٹی تعاون پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ امریکی وزیر دفاع نے سیلاب کی تباہ کاریوں پر دلی صدمے کا اظہار کرتے ہوئے اپنے مکمل تعاون کی یقین دہانی کرائی۔ امریکی وزیر دفاع نے پاکستان میں بدترین سیلاب سے ہونے والی تباہی پر دکھ کا اظہار کیا اور متاثرین کے اہل خانہ سے دلی تعزیت کی، انہوں نے پاکستانی عوام کو مکمل تعاون کی پیشکش کی، امریکی وزیر دفاع نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں پاک فوج کی امدادی سرگرمیوں کو بھی سراہا اور پاکستان کے ساتھ ہر سطح پر تعاون بڑھانے میں اپنا کردار ادا کرنے کے عزم کا اعادہ کیا۔

مزیدخبریں