اسلام آباد (خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے دفتر خارجہ میں ملاقات کی۔ ترجمان دفتر خا رجہ کے مطابق وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر کو پاکستان میں سیلاب کی تباہ کاریوں اور حکومت کی جانب سے بحالی و امداد کی سرگرمیوں سے آگاہ کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے امدادی سرگرمیوں کے لئے 30 ملین ڈالر کی امداد پر یو ایس ایڈ کا شکریہ ادا کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سے پاکستان کے لئے عالمی برادری کے وسائل کو متحرک کرنے کے حوالے سے تعاون کی خواہش کا اظہار کیا۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری اور یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر کے درمیان موسمیاتی تبدیلی اور اس سے مقابلے کے لئے حکمت عملی پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔ جبکہ یو ایس ایڈ ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے اعلان کیا کہ امریکہ، امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی کے ذریعے پاکستان میں مون سون بارشوں کے نتیجے میں آنے والے شدید سیلاب سے متاثرہ لوگوں کی مدد کے لیے 20 ملین ڈالر کی اضافی امداد فراہم کر ے گا۔ یہ امداد ان تباہ کن سیلابوں سے متاثرہ پاکستانی عوام کی مدد کے لیے 30 ملین ڈالر کی گزشتہ ہفتے کی گئی امداد کے علاوہ ہے۔ 12 اگست کے بعد سے، امریکہ نے پاکستان کے لوگوں کی مدد کے لیے 50.1 ملین ڈالر سے زیادہ کی آفات سے متعلق امداد فراہم کی ہے۔ یو ایس ایڈ کے آفات سے متعلق ماہرین پر مشتمل ایلیٹ ٹیم نقصان کا جائزہ لے رہی ہے، امریکہ پاکستان کو انسانی بنیادوں پر امداد دینے والا واحد سب سے بڑا ملک ہے۔ امریکہ کو پاکستان بھر میں سیلاب زدگان اور اپنے پیاروں، ذریعہ معاش اور گھروں کے نقصان پر بہت دکھ ہے۔ ہم اس مشکل وقت میں پاکستان میں کمیونٹیز کے ساتھ کھڑے ہیں اور ضرورت کے اس وقت میں ان کی مدد کرتے رہیں گے۔ مزید برآں امریکی فوج کی سنٹرل کمانڈ نے امریکی ادارہ برائے بین الاقوامی ترقی ( یو ایس ایڈ) کی معاونت سے پاکستان میں شدید سیلاب سے متاثر ہونے والے افراد اور آبادیوں کے لیے ہنگامی انسانی امداد کی فضائی ترسیل کا آغاز کردیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق ان ترسیلات میں گزر بسر کے لیے ضروری وسائل، بشمول خوراک کی تیاری اور سر چھپانے کا لگ بھگ بائیس لاکھ ڈالر مالیت کا سامان شامل ہے اور ان کی ترسیل کا عمل آنے والے دنوں میں ملک بھر کے بیس مختلف علاقوں میں مکمل کیا جائے گا۔ امریکی سفیر ڈونلڈ بلوم کا کہنا ہے کہ پاکستان میں سیلاب کے باعث تباہی تکلیف دہ ہے، ابھی تک امریکا نے 3 کروڑ ڈالرز عطیات اور امداد میں فراہم کئے ہیں۔ یو ایس ایڈ کے زیر اہتمام پاکستان میں سیلابی صورتحال پر امریکی امداد سے متعلق بریفنگ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ضرورت کے اس موقع پر امریکا پاکستان کی مدد کر رہا ہے۔ امریکی سفیر کا کہنا تھا کہ آج امریکا سے پاکستان آنے والی پرواز میں 2 کروڑ 20 لاکھ ڈالرز کی جان بچانے والی اشیاء شامل ہیں۔ ڈونلڈ بلوم نے کہا ہے کہ موجودہ صورتحال میں متعدد امریکی کمپنیاں سیلاب متاثرین کی مدد کیلئے کام کر رہی ہیں۔ متعدد افراد اور کمپنیاں عطیات جمع کر رہے ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ ہم پاکستان سے جانی اور مالی نقصان پر تعزیت کرتے ہیں۔ امریکا اور پاکستان کے تعلقات کے 75 برس پورے ہو رہے ہیں۔ دونوں ممالک دیرینہ دوست و شراکت دار ہیں۔ اس موقع پر یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے سیلاب کی تباہ کاریوں سے نمٹنے کیلئے مزید 2 کروڑ ڈالر کی امداد کا اعلان کیا۔ انہوں نے کہا کہ پاکستان کی درخواست پر کل سیلاب سے متاثرہ علاقے میں ائر برج قائم کیا ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ سیلاب سے متاثرہ علاقوں اور عوام کی بحالی کیلئے مزید ممالک کو بھی آگے بڑھنا چاہئے۔ انہوں نے مزید کہا کہ سیٹلائٹ تصاویر بتاتی ہیں کہ سیلاب سے ملک کے ایک تہائی حصے میں پانی آیا۔ یو ایس ایڈ کی ایڈمنسٹریٹر سمانتھا پاور نے کہا کہ سندھ اور دیگر متاثرہ علاقوں کا دورہ کرکے خود تباہی کا جائزہ لیا۔ دادو میں خاندانوں کو تباہ حال دیکھا۔ نئی فنڈنگ سے فوری ضروریات پوری کی جائیں گی۔