بکنگھم پیلس کے باہر پھولوں کے ڈھیر ، کنگ چارلس ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرتے روپڑے 

 لندن+ اسلام آباد  (رپورٹ عارف چودھری+ نمائندہ خصوصی+ خصوصی نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ)  سرکاری طور پر ملکہ برطانیہ کی آخری رسومات کی ادائیگی دو ہفتوں کے اندر ہی ویسٹ منسٹر ایبی میں ہوگی۔ ہفتے والے دن ملکہ برطانیہ کا تابوت بالمور سے ایڈنبرا میں واقع ہالی رْڈ پیلس میں پہنچایا جائے گا۔ اتوار کے روز کنگ چارلس تھری ایڈنبرا کے ہالی رْڈ پیلس پہنچیں گے، جہاں ان کی حلف برداری کی تقریب ہوگی، جس کے بعد پیر کو وہ  شمالی آئرلینڈ کی شاہی رہائش گاہ ہلز بورو کیسل میں شمالی آئرلینڈ کی سینئر سیاسی قیادت سے ملیں گے۔ منگل کو ملکہ برطانیہ کے تابوت کو بکنگھم پیلس اور پھر ویسٹ منسٹر پیلس لیجایا جائے گا،جہاں اگلے 5 دن تک عوام کو تعزیت کی اجازت ہوگی۔ گزشتہ روز ملکہ کو خراج عقیدت پیش کرنے کیلئے 96 توپوں کی سلامی دی گئی، برطانیہ کا پرچم سرنگوں رہا۔ بدھ کو کنگ چارلس تھری کارڈف میں ملاقاتیں کریں گے جبکہ جمعرات کو سینئر فوجی افسر ملیں گے۔ ملکہ برطانیہ الزبتھ دوم کی وفات کے بعد برطانیہ کے نئے بادشاہ بننے والے چارلس سوئم نے قوم سے اپنے پہلے خطاب میں کہا کہ میں بہت زیادہ دکھی احساسات کیساتھ آپ سے بات کر رہا ہوں، ملکہ برطانیہ الزبتھ ایک متاثرکن شخصیت تھیں، انہوں نے اپنی زندگی لوگوں کی خدمت کے لیے وقف رکھی۔ ویڈیو خطاب میں بادشاہ چارلس نے  آنجہانی  والدہ ملکہ الزبتھ دوم کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ ملکہ نے  بہت قربانیاں دیں ، ان کی لگن اور محنت کا کوئی مقابلہ نہیں کرسکتا۔میں اپنی والدہ کو زبردست خراج عقیدت پیش کرتاہوں، میری والدہ کا ان کی قربانیوں، لگن کا بہت شکریہ۔اس کے علاوہ بادشاہ چارلس نے  بیٹے ولیم اور بہو کیٹ کو پرنس اینڈ پرنسس آف ویلز بنانے کا اعلان بھی کیا۔ صدر عارف علوی نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر تعزیت کیلئے برطانوی ہائی کمشن کا دورہ کیا۔ صدر مملکت نے برطانوی ہائی کمشن میں تعزیتی کتاب میں اپنے تاثرات درج کئے۔ انہوں نے کہا کہ پاکستانی عوام کی جانب سے ملکہ الزبتھ دوئم کی وفات پر گہری تعزیت کا اظہار کرتا ہوں۔ ملکہ الزبتھ کا انتقال سات دہائیوں پر محیط ایک دور کے خاتمے کی علامت ہے۔ انہوں نے برطانوی عوام اور دولت مشترکہ کیلئے شاندار خدمات انجام دیں۔  صدر عارف علوی نے برطانوی ہائی کمشنر سے بات چیت میں کہا کہ ملکہ الزبتھ دوئم بے مثال وقار اور شائستگی کی حامل خاتون تھیں۔ ان کی خیراتی اداروں کی سرپرستی غیر معمولی تھی۔ وزیرِ اعظم  شہباز شریف نے ملکہ برطانیہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر برطانوی وزیرِ اعظم الزبتھ ٹرس کو تعزیتی خط لکھا ہے جس میں ملکہ الزبتھ دوئم کے انتقال پر برطانوی ہم منصب اور ان کے توسط سے شاہی خاندان سے گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کیا ہے۔ وزیر اعظم نے خط میں کہا کہ ملکہ الزبتھ دوئم کے دولت مشترکہ کیلئے خلوص اور ان کی انتھک نگرانی میں یہ تنظیم دنیا کی سب سے بڑی آزاد ممالک کی تنظیم بن گئی۔ موجودگی یونائیٹڈ کنگڈم اور دنیا بھر کے لوگوں کیلئے اتحاد اور اخوت کی طاقت کا نشان بنی،  پاکستانی عوام کے ملکہ الزبتھ کیلئے ہمیشہ احترام اور عزت کے جذبات رہے۔ وزیراعظم نے برطانوی ہائی کمشن کا دورہ کیا اور مہمانوں کی کتاب میں تعزیتی تاثرات بھی درج کئے، انہوں نے کہا کہ شاہی خاندان، برطانوی حکومت اور عوام سے افسوس کرتے ہیں ۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری کی ملکہ الزبتھ دوئم کی وفات پر تعزیتی پیغام کے لئے برطانوی سفارت خانے آمد، ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق وزیر خارجہ  نے ملکہ برطانیہ کی وفات پر سفارتخانے کی یاداشت میں اپنے تاثرات درج کئے۔ ملکہ الزبتھ دوئم کی وفات صرف برطانیہ نہیں بلکہ دولت مشترکہ کے عوام کیلئے ایک گہرا صدمہ ہے، وزیر خارجہ نے سفارتخانے کی یادداشت تاثرات قلم بند کئے۔

ای پیپر دی نیشن