جرائم کی بیخ کنی اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ اولین ترجیح ہے:ڈی پی اوحافظ آباد


حافظ آباد(نمائندہ خصوصی+ نامہ نگار) ڈسٹرکٹ پولیس آفیسر انور سعید کنگرا نے کہا ہے کہ جرائم کی بیخ کنی اور معاشرتی برائیوں کا خاتمہ اولین ترجیح ہے۔ جرائم پیشہ افراد کی پشت پناہی کرنے والوں سے کوئی رعایت نہیں برتی جائے گی۔ حافظ آباد پولیس کے جذبے جوان اور بلند ہیں اور ضلعی پولیس ذمہ داری سے اپنے فرائض سر انجام دے رہی ہے ۔عوام کی جان و مال کی حفاظت کرنا ہمارا آئینی اور اخلاقی فرض ہے۔ شہریوں کو بھی چاہیے کہ وہ پولیس کے ساتھ تعاون کریں تاکہ جرائم کی بیخ کنی کی جا سکے۔ چیئرمین پریس کلب چودھری امتیاز احمد تاج اور سابق چیئرمین رانا محمد ارشد انجم کے ساتھ تعارفی ملاقات میں انہوں نے کہا کہ معاشرے کو جرایم پیشہ عناصر سے پاک کرنے کے لیے میڈیا اور صحافیوں کے کردار کو فراموش نہیں کیا جا سکتا۔ ڈکیتی،راہزنی اوردیگر جرائم کے سدباب کیلئے ٹھوس حکمت عملی بنائی جا رہی ہے، کیونکہ عوام کی جان و مال کا تحفظ اولین ترجیح ہے۔ان کا کہنا تھا کہ جرائم کی شرح بڑھنے پر متعلقہ ایس ایچ اوسے جواب طلبی کی جارہی ہے۔ اعداد وشمار کی بجائے جرائم کے سدباب کے لئے عملی اقدامات کیے جائیںگے۔ان کا کہنا تھا کہ امن وامان کی صورتحال کا باقاعدگی سے وہ خود جائزہ لیں گے ۔انہوں نے کہا کہ پولیس اہلکاروں اور افسروں کو عوام کے ساتھ خوش اخلاقی سے پیش آنے کی ہدایت کی گئی ۔سائل کو تھانوں میں تبدیلی کا احساس ہونا چا ہئے۔ انہوں نے کہا کہ  تمام انچارج اپنے علاقوں میں گشت کو یقینی بنائیں،اس سلسلے میں کسی قسم کی غفلت یا کوتاہی برداشت نہیں کی جائے گی ۔ اس موقع پر چیئرمین پریس کلب چودھری امتیاز احمد تاج اور سابق چیئرمین پریس کلب رانا محمد ارشد انجم نے گلدستہ پیش کیا۔

ای پیپر دی نیشن