کراچی(این این آئی)کامران ٹیسوری نے دوبارہ ایم کیو ایم میں شمولیت اختیار کرلی اور انہیں ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر بحال کردیا گیاہے۔کراچی میں کنوینر ایم کیو ایم پاکستان ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کی سربراہی میں رابطہ کمیٹی کا اجلاس ہوا،جس میں ایم کیو ایم کی دعوت پر واپس شامل ہونے والے متعدد ذمہ داران اور کارکنان کو خوش آمدید کہا گیا۔سابقہ ڈپٹی کنوینرکامران ٹیسوری اور سابقہ ٹائون انچارج شہزاد نے ساتھیوں کے ساتھ پارٹی میں دوبارہ شمولیت اختیار کرلی۔اجلاس میں اہم فیصلے کئے گئے جن میں سابقہ ڈپٹی کنوینر کامران ٹیسوری کو دوبارہ ڈپٹی کنوینر کے عہدے پر بحال کرنے کے ساتھ مزید دو ڈپٹی کنوینرز عبدالوسیم اور خواجہ اظہارالحسن کا اضافہ کیا گیا۔مزید اہم فیصلوں میں رابطہ کمیٹی میں پانچ اراکین رف صدیقی، ڈاکٹر صغیر، وسیم آفتاب، سلیم تاجک اور صادق افتخار کے اضافے کی بھی منظوری دی گئی۔رابطہ کمیٹی کے اراکین کی متفقہ تائید سے کنوینر ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی نے ان فیصلوں کی توثیق کی۔واضح رہے کہ 2018 میں کامران ٹیسوری کو سینیٹر بنانے کے معاملے پر ایم کیوایم میں پھوٹ پڑگئی تھی اور پارٹی دو دھڑوں پی آ ئی بی اور بہادرآباد گروپس میں تقسیم ہوگئی تھی۔ اس کے بعد رابطہ کمیٹی نے اپنے رکن کامران ٹیسوری کو رابطہ کمیٹی سے خارج کرتے ہوئے چھ ماہ کے لیے معطل کرنے کا اعلان کیا تھا