اسلام آباد؍ کراچی ؍ پشاور (نامہ نگار+ نوائے وقت رپورٹ) نیپرا نے کے الیکٹرک کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ برائے جولائی 2022 ء کی مد میں 4روپے 12پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری کا نوٹیفکیشن جاری کردیا ہے۔ نوٹیفکیشن کے مطابق کے الیکٹرک نے 3 روپے 48پیسے فی یونٹ کمی کی درخواست کی تھی، اتھارٹی نے 31اگست 2022کو ایف سی اے پر عوامی سماعت کی۔ قبل ازیں جون کا ایف سی اے صارفین سے 11 روپے 10 پیسے فی یونٹ اضافہ کے ساتھ چارج کیا گیا تھا۔ نیپرا اعلامیہ کے مطابق جولائی کا ایف سی اے جون کی نسبت صارفین سے 15روپے 22پیسے کم چارج کیا جائے گا، اس کا اطلاق صرف 1ماہ کے لئے ہوگا، اس کا اطلاق کے الیکٹرک کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن صارفین پر ہوگا۔ کراچی صارفین کو بجلی کی قیمت کم ہونے کا ریلیف ستمبر کے بلوں میں دیا جائے گا۔ کراچی کے صارفین کو مجموعی طور پر سات ارب 40 کروڑ کا ریلیف ملے گا۔ دوسری جانب خیبر پی کے اور پنجاب کیلئے پن بجلی کی شرح میں اضافے کی منظوری دی گئی۔ نیپرا نے خیبر پی کے کی درخواست پر فیصلہ جاری کر دیا۔ خیبر پی کے اور پنجاب کیلئے پن بجی منافع میں سالانہ پانچ فیصد اضافے کی منظوری دی گئی ہے۔ نیپرا اعلامیہ میں کہا گیا ہے کہ خیبر پی کے حکومت عملدرآمد کیلئے سی سی آئی سے رجوع کرے۔ سی سی آئی کی منظوری کے بعد اضافہ نافذ ہوگا۔
پنجاب، خیبر پی کے پن بجلی کی شرح میں اضافہ، کے الیکٹرک صارفین کیلئے بجلی سستی
Sep 10, 2022